جھنگ ( )جھنگ میں آٹزم سے متاثرہ بچوں کی خصوصی تعلیم، تربیت اور بحالی کے لیے قائم مائنڈ سٹیپ آٹزم سینٹر کا افتتاح ایک پروقار اور پُرمسرت تقریب میں کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی پی او جھنگ بلال افتخار کیانی اور سی او ضلع کونسل مہر محمد اکرم بھروانہ تھے جبکہ اس موقع پر معروف سرجن و مصنف ڈاکٹر محسن مگھیانہ ، ملک لیاقت علی ایڈوکیٹ ، رانا فیاض ، رانا زرین الکرم، ایس ایچ او امان اللہ قمر ، XEN بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ، سابق پرنسپل گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اسلم ، زین اشرف سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی-
جبکہ ماہر نفسیات ڈاکٹر جنید اور ڈاکٹر رابعہ عاشر (فزیوتھراپسٹ) اس ادارے میں بطور ماہرین خدمات انجام دے رہے ہیں جو جدید تعلیمی و معالجاتی طریقہ کار کے ذریعے بچوں کی ذہنی، جذباتی اور سماجی نشوونما میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
مہمانوں نے سینٹر کے قیام کو جھنگ میں خصوصی تعلیم کے فروغ کی جانب ایک حوصلہ افزا قدم قرار دیا۔ڈی پی او بلال افتخار کیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آٹزم سے متاثرہ بچے ہمارے معاشرے کا وہ طبقہ ہیں جنہیں خصوصی توجہ، محبت اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔ مائنڈ سٹیپ آٹزم سینٹر جیسے ادارے نہ صرف انسانی ہمدردی کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں بلکہ ایک بہتر، حساس اور بااعتماد معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ڈاکٹر رابعہ عاشر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مائنڈ سٹیپ آٹزم سینٹر کا مقصد آٹزم سے متاثرہ بچوں کو ایک محفوظ، دوستانہ اور معاون ماحول فراہم کرنا ہے، جہاں وہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اُجاگر کر سکیں اور خودمختار زندگی کی جانب قدم بڑھا سکیں۔
سی او ضلع کونسل مہر محمد اکرم بھروانہ نے مائنڈ سٹیپ آٹزم سینٹر کے قیام کو جھنگ میں انسانی خدمت، ہمدردی اور سماجی شعور کی علامت قرار دیا اور ادارے کی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +