شورکوٹ (شیخ غلام مصطفیٰ) نواحی موضع جلالپور سے ملحقہ مرکزی سڑک جو متعدد موضع جات تک رسائی کا واحد راستہ انتہائی خستہ حالی کا شکار، شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر جھنگ سے سڑک کی تعمیر و مرمت کا مطالبہ کیا ہے ،رپورٹ ڈاکٹر عمران نزر بیوروچیف جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک

بخدمت
جناب کمشنر صاحب
فیصل آباد ڈویژن

جنابِ عالی!
بصد ادب و احترام گزارش ہے کہ موضع جلال پور سے ملحقہ مرکزی سڑک جو موضع بستی وریام کملانہ، موضع کوٹلی جھنڈیر، موضع ڈوگر ملنگ، موضع کچا کبیرہ، موضع جعفر شاہ، موضع قطب شاہ تحصیل شور کوٹ ضلع جھنگ اور دیگر ملحقہ آبادیوں تک رسائی کا واحد اور اہم ذریعہ ہے، طویل عرصہ سے انتہائی شکستہ، خستہ اور نہایت مخدوش حالت میں ہے۔

جناب والا! اس سڑک کی خراب صورتحال کے باعث متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں جن سے مقامی باشندگان شدید مشکلات، پریشانیوں اور خطرات سے دوچار ہیں۔ موجودہ دورِ حکومت میں ہر سطح پر ذرائع آمد و رفت کی بہتری اور بحالی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہی توقعات کے ساتھ زيرِ دستخط عوام الناس آپ کی توجہ اس اہم عوامی مسئلے کی طرف مبذول کراتے ہیں۔

لہٰذا مودبانہ استدعا ہے کہ موضع جلال پور سے موضع ڈوگر ملنگ تک سڑک کی ہنگامی بنیادوں پر ازسرِ نو تعمیر کے احکامات صادر فرمائے جائیں، تاکہ اہلِ علاقہ کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے اور وہ آپ کی اس شفقت پر دلی شکریہ ادا کرنے کا موقع پائیں۔

عین نوازش ہوگی۔

عرض کنندگان:
اہلیانِ آبادی موضع بستی وریام کملانہ تحصیل شور کوٹ ضلع جھنگ
اہلیانِ موضع جلال پور کملانہ
اہلیانِ موضع کوٹلی جھنڈیر
اہلیانِ موضع جعفر شاہ
اہلیانِ موضع قطب شاہ
اہلیانِ موضع ڈوگر ملنگ
اہلیانِ موضع کچا کبیرہ
اور تمام دیگر ملحقہ مواضع جات تحصیل شور کوٹ ضلع جھنگ