یو سی 88 میں سابق ایم پی اے راشدہ یعقوب شیخ کا شاندار سیاسی پاور شو
خواتین کارنر میٹنگ جھنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا خواتین اجتماع بن گئی
جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ ) سابق رکن پنجاب اسمبلی محترمہ راشدہ یعقوب شیخ نے یونین کونسل 88 میں شاندار سیاسی پاور شو کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک تاریخی خواتین کارنر میٹنگ سے خطاب کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے جھنگ کی تاریخ کے سب سے بڑے خواتین جلسے میں تبدیل ہو گئی۔
ہزاروں خواتین کی شرکت سے ہال پاکستان مسلم لیگ (ن) اور راشدہ یعقوب زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، جبکہ خواتین نے اپنی قائد کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
کارنر میٹنگ کا انعقاد خواجہ گارڈن سبزی منڈی روڈ پر کیا گیا جس میں خادمِ جھنگ الحاج محمد یعقوب شیخ، سابق کونسلر میاں محمد اعظم جنجوعہ، رانا محمد وحید، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی جھنگ چوہدری سلطان محمود، شیخ خرم سمیت ہزاروں خواتین نے شرکت کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ملک محسن رضا نے سرانجام دیئے ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راشدہ یعقوب شیخ نے کہا کہ حلقہ پی پی 127 میں سوا لاکھ کے قریب خواتین ووٹرز ہیں اور وہ گزشتہ پندرہ برسوں سے واحد خاتون نمائندہ ہیں جو جھنگ کی خواتین کے مسائل کو ایوانِ اقتدار تک مؤثر انداز میں پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ کی خواتین کے لیے ان تک رسائی ہمیشہ آسان رہی ہے۔
انہوں نے تعلیم کے شعبے میں اپنی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جھنگ کی خواتین اور ان کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے سٹی کالج، سیٹلائٹ ٹاؤن کالج، جھنگ صدر کالج میں آئی ٹی لیبز و لائبریریاں، ایجوکیشن کمپلیکس، نرسنگ ٹیچنگ اسکول اور سب سے بڑھ کر یونیورسٹی آف جھنگ کی منظوری جیسے اہم اقدامات کیے گئے۔
تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جھنگ میں خواتین کا شرحِ خواندگی اب بھی تشویشناک حد تک کم ہے اور صرف 15 فیصد خواتین میٹرک یا اس سے زائد تعلیم یافتہ جبکہ محض ایک فیصد ہنر مند ہیں۔
راشدہ یعقوب شیخ نے کہا کہ یونیورسٹی آف جھنگ میں کمپیوٹر سائنسز، مائیکرو بایالوجی، بایو کیمسٹری اور آرٹ اینڈ کرافٹ جیسے شعبہ جات موجود ہیں لیکن 2016 کے بعد مؤثر آواز نہ ہونے کے باعث یہ شعبے مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے جھنگ میں دستکاری اسکول، ٹیوٹا کالج کی اپ گریڈیشن، یونیورسٹی آف جھنگ میں اے آئی اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ جیسے جدید ڈیپارٹمنٹس، لاء کلاسز کے اجرا اور اینیمل سائنسز یونیورسٹی کے قیام کو اپنے سیاسی منشور کا حصہ قرار دیا۔
صحت کے شعبے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ غلام نبی میموریل کمپلیکس کو جدید طبی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے ان کے خاندان نے ذاتی وسائل سے کروڑوں روپے خرچ کیے، جس کے باعث آج کارڈیک، نیورو، سرجیکل اور گائنی کے الگ الگ شعبہ جات قائم ہو چکے ہیں، تاہم گائنی وارڈ کی اپ گریڈیشن اور لیزر آپریشن جیسی سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال جھنگ کی 223 خواتین بریسٹ کینسر کا شکار ہوئیں جو لمحۂ فکریہ ہے۔
انہوں نے رہائشی مسائل کے حل کے لیے “اپنا گھر، اپنی چھت” اسکیم کے تحت جھنگ میں 3 اور 5 مرلہ ہاؤسنگ اسکیم کے آغاز کی تجویز وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں جمع کروانے کا انکشاف کیا۔ ساتھ ہی سیوریج اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ حسین آباد، مرضی پورہ، احمد نگر، گوہر شاہ، سبزی منڈی روڈ سمیت متعدد علاقوں میں سیوریج لائنز بچھائی گئیں جبکہ 20 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹبہ سلطان ڈسپوزل تعمیر کروا کر گندے پانی کے دیرینہ مسائل حل کیے گئے۔
راشدہ یعقوب شیخ نے کہا کہ جھنگ میں بے روزگاری سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے جھنگ کو موٹروے اور سی پیک سے منسلک کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے نرسنگ کلاسز کے اجرا، گورنمنٹ گرلز کالج جھنگ سٹی، نواز شریف پارک، ڈبل روڈ، انڈسٹریل اسٹیٹ، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور خواتین کے لیے اعلیٰ سطح کے تربیتی ادارے کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں شفاف گورننس، ترقیاتی منصوبوں، دھی رانی پروگرام، ماڈل کیٹل مارکیٹ، دل کے ہسپتال، گرین بسیں، اسکالرشپس، بلا سود قرضے، گرین ٹریکٹر اسکیم اور ائمہ مساجد کے اعزازیے کو سراہا، جبکہ جرائم کے خاتمے کے لیے سی سی ڈی کے قیام کو اہم پیش رفت قرار دیا۔
اپنی تقریر کے اختتام پر انہوں نے کامیاب کارنر میٹنگ کے انعقاد پر منتظمین اور خواتین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جھنگ کی خواتین نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے عوام کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +