جھنگ ( شیخ غلام مصطفیٰ ) ڈی پی او ساجد حسین کی زیرِ صدارت سکیورٹی برانچ کے سٹاف کی اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلع بھر کے سکیورٹی امور، پیشہ وارانہ کارکردگی اور نظم و ضبط کا جامع و تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ کے دوران ڈی پی او جھنگ نے کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی کو دوٹوک انداز میں دہراتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی، سستی یا حقائق کو چھپانے کی کوشش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افسران کو ہدایت کی گئی کہ کسی بھی نوعیت کے واقعہ یا پیش رفت کی فوری اور بلا تاخیر رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔
ڈی پی او نے تھانہ جات میں ٹاؤٹ مافیا اور رسہ گیری جیسے غیر قانونی رجحانات کے خلاف سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس ضمن میں فوری رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے منشیات فروشوں، جوا مافیا اور دیگر جرائم پیشہ عناصر پر کڑی اور ہمہ وقت نظر رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جرائم کی بیخ کنی کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے اور کسی بھی اطلاع میں غفلت یا تاخیر ناقابلِ قبول ہو گی۔
میٹنگ میں اہم سکیورٹی ڈیوٹیز کی مؤثر جانچ، ذمہ دارانہ نگرانی اور شفاف رپورٹنگ پر خصوصی زور دیا گیا۔ ڈی پی او جھنگ نے واضح کیا کہ انٹیلیجنس ایجنسیز کے ساتھ مضبوط، فعال اور مربوط کوآرڈینیشن موجودہ حالات میں ناگزیر ہے، لہٰذا معلومات کے بروقت تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی کو یقینی بنایا جائے۔
آخر میں ڈی پی او نے اعلان کیا کہ ہر پندرہ روز بعد سکیورٹی افسران کی انفرادی کارکردگی کا باقاعدہ احتساب کیا جائے گا تاکہ نظم و ضبط، پیشہ وارانہ معیار اور عوامی اعتماد کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +