*ڈی پی او جھنگ ساجد حسین رات گئے اچانک تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پہنچ گئے*
جھنگ( شیخ غلام مصطفیٰ ) پولیس امور میں بہتری اور شہریوں کو انصاف کی فوری فراہمی کیلئے ڈی پی او ساجد حسین کی جانب سے رات گئے مختلف تھانہ جات کے دورے جاری ہیں،گزشتہ رات انہوں نے تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا۔
ڈی پی او نے فرنٹ ڈیسک پر موجود پینڈنگ درخواستوں، روزنامچہ، رجسٹرز، ریکارڈ ، حوالات کی صورتحال اور تھانہ کی صفائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے ڈیوٹی پر موجود عملہ سے متعلقہ امور کے بارے میں استفسار کیا۔ڈی پی او نے واضح کیا کہ تھانہ عوام کیلئے انصاف کا پہلا دروازہ ہے، جہاں آنے والے ہر شہری کے ساتھ عزت، وقار اور خوش اخلاقی سے پیش آنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ کسی بھی درخواست کو بلاوجہ التواء میں نہ رکھا جائے اور ہر شکایت پر بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔حوالات اور تھانہ کی صفائی کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تھانے کا ماحول باوقار اور منظم ہونا چاہیے تاکہ شہریوں میں اعتماد پیدا ہو اور قانون کی عملداری کا مثبت تاثر اجاگر ہو۔
ڈی پی او نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع بھر کے تھانوں کے اچانک دورے تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے، کارکردگی کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور غفلت یا بدانتظامی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ پولیس کا مقصد صرف جرائم کی روک تھام نہیں بلکہ عوام کے دلوں میں اعتماد بحال کرنا بھی ہے، اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +