جھنگ..ڈی پی او ملک طارق محبوب نے کہا ہے کہ قومی کاز کی تکمیل کیلئے بجلی چوروں کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیز کیا جائے، پولیس فوکل پرسن فیسکو سٹاف کیساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس افسران کیساتھ گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس افسران کیساتھ اجلاس میں ڈی پی او ملک طارق محبوب کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے حوالے سے پولیس افسران متحرک کردار ادا کریں۔ بجلی چوروں کے خلاف حکمت عملی پر عملدرآمد کرتے ہوئے جیسے ہی چوروں کے خلاف کارروائی کے لیے استغاثہ یا درخواست ملے فوراً مقدمہ درج کیا جائے ۔بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج میں کسی قسم کی تاخیر نہ برتی جائے ۔ کسی بھی تھانے میں بجلی چوروں کے خلاف کوئی ایف آئی آر پینڈنگ نہیں ہونی چاہیے ۔فیسکو تنصیبات کے تحفظ کیلئے موثر گشت کو بھی یقینی بنایا جائے۔مزید بات کرتے ہوئے ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس کا فوکل پرسن فیسکو سٹاف کیساتھ مسلسل رابطے میں رہے، بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ہونے پر ملزمان کی گرفتاری جلد از جلد یقینی بنائی جائے ۔بجلی چوری کے مقدمات کی تفتیش کو یکسو کرکے چالان بروقت عدالتوں میں پیش کیے جائیں ۔ بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے ایکشنز کی تفصیلات روزانہ بروقت ارسال کی جائیں ۔ تمام ریکارڈ پنجاب پولیس کے آن لائن پول کام سسٹم پر بھی اپ لوڈ کیا جائے ۔