جھنگ ( محمد ریاض شاہد ) پریس کلب جھنگ اور جھنگ یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام سالانہ جرنلسٹ ایوارڈ کی تقریب گزشتہ روز پریس کلب میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ملک طارق محبوب تھے جبکہ معروف شاعر اور سرجن ڈاکٹر نیاز علی محسن مگھیانہ اور ڈسٹرکٹ انففارمیشن آفیسر ریاض حسین مارتھ نے تقریب میں بطور مہمانان اعزاز شرکت کی۔
تقریب میں صدر پریس کلب لیاقت علی انجم، سیکرٹری خرم سعید، صدر جھنگ یونین آف جرنلسٹس مصعب فاروق، جنرل سیکرٹری رانا غلام عارف، معززین شہر اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ملک طارق محبوب نے کہا صحافت ایک مقدس پیشہ ہے جس کی اہمیت سے آج کے جدید دور میں انکار کسی صورت ممکن نہیں۔
صحافیوں اور پولیس کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب جھنگ پڑھے لکھے اور سلجھے ہوئے صحافیوں پر مشتمل ہے اور انہوں نے اتنا منظم پریس کلب اپنی تعیناتی کے دوران کسی اور شہر میں نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب جھنگ کے منتخب عہدیدار ہر سال الیکشن کے ذریعے منتخب ہو کر صحافیوں کی فلاح و بہبودکے ساتھ ساتھ ان کے حقوق کے تحفظ اور معاشرے کی بہتری کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نیاز علی محسن مگھیانہ نے کہا کہ صحافیوں کو ان کی شبانہ روز محنت کے اعتراف کے طور پر سالانہ جرنلسٹ ایوارڈ دینے کی تقریب پریس کلب جھنگ کی انتظامیہ کی ایک اچھی کاوش ہے جسے انہوں نے کئی سالوں سے برقرار رکھا ہوا ہے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ پریس کلب جھنگ اور جھنگ یونین آف جرنلسٹس کے 23صحافیوں کو ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں جرنلسٹ ایوارڈ کی شیلڈز دیں-
جبکہ صدر پریس کلب لیاقت علی انجم اور صدر جھنگ یونین آف جرنلسٹس مصعب فاروق نے مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔
شیخ غلام مصطفٰی سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز 923417886500 +