جھنگ (محمد ریاض شاہد ) عظیم الشان سالانہ غوث زماں کانفرنس پیر سید محمد غوث شاہ المعروف پیر سوہنا شاہ گنجیال شریف بسلسلہ میلاد مصطفیٰ ﷺ زیر سرپرستی پیر طریقت رہبر شریعت ، آل نبی اولاد علی ، جگر گوشہ سیدہ کائنات پیر سید محمد عطاء اللہ شاہ احمد گیلانی الحسنی و الحسینی القادری فیضوی سجادہ نشین دربار عالیہ غوثیہ عباسیہ گنجیال شریف بمقام مصطفوی حویلی چک 220 گھنواں ، اڈا بگی پلی فیصل آباد روڈ جھنگ زیر صدارت حاجی مہر محمد عطاء نول غوثی گنجیالوی منعقد ہوئی-
جس میں پیرزادہ سید محمد غوث الحسن مجتبی گیلانی اور پیرزادہ شاہ محمد مستغیث نے خصوصی خطاب کیا ۔ محفل میلاد میں اے سی کسٹم محمد عرفان ممتاز ، ایس ٹی علی رضا حسوآنہ ، پروفیسر ملا خان حیدری ، پروفیسر مبشر خان بلوچ ، ڈاکٹر محمد حسین ، ڈاکٹر محمد بشیر ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز نعیم لاشاری ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز عامر سہیل نول اور محمد عمران حیدر میلادی سمیت من جملہ پیر بھائیوں اور عقیدت مندوں و اہلیان علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
محفل پاک کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری محمد یار نعیمی نے حاصل کی جبکہ الحاج صابر سردار ، محمد فاروق مہروی ، محمد شاہ زیب جاوید غوثی نے آقائے کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں ہدیہ نعت پیش کیا ۔
محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے پیر طریقت پیر سید محمد عطاء اللہ شاہ احمد گیلانی نے فرمایا کہ اولیاء کاملینؒ کی تعلیمات محبت اور اعلیٰ سیرت و کردار سے اسلامی تعلیمات کو برصغیر پاک و ہند میں فروغ حاصل ہوا ۔ اولیاء کرام کی ذوات مقدسہ کے ساتھ وابستگی کا اہل ایمان کو حکم دیا گیا ہے۔ قرآن ، صحابہ کرام اور اہل بیت سے تمسک ہی توشہ آخرت اور ذریعہ نجات ہے۔
علم اور اخلاق کی ترویج و اشاعت کے لئے اللہ نے انبیاء کو بھیجا اور یہ فریضہ اولیاء کرام سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صالحین کا ذکر گناہوں کا کفارہ ہے،ان کی سیرت کے بیان سے اعمال کی اصلاح ہوتی ہے ۔محفل کے اختتام پر پاکستان اور مسلم اُمہ کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ لنگر غوثیہ کا بھی وسیع انتظام کیا گیا تھا۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ ان لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +