جھنگ میں دلخراش واقعہ، اغوا شدہ 6 سالہ ہتیم بچے کی لاش کماد کی فصل سے برآمد
جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ ) بستی موضع باغ کدلتھی میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک ماہ سے لاپتہ 6 سالہ ہتیم بچے فرازعلی کی لاش کماد کی فصل سے برآمد ہوئی۔ مقامی افراد فصلِ کماد کاٹ رہے تھے کہ اس دوران بچے کی لاش دکھائی دی، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

اطلاع ملتے ہی ایس پی انوسٹی گیشن، ڈی ایس پی سٹی، ایس ایچ او تھانہ سیٹلائیٹ ٹاؤن شاہد امیر لدھیانہ، ایس ایچ او تھانہ صدر فیصل رزاق کاہلوں، فرانزک ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس اور فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے لاش کو تحویل میں لے لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ بچہ ایک ماہ قبل اغوا ہوا تھا جس کی رپورٹ 12 دسمبر 2025 کو درج کی گئی تھی۔ رپورٹ میں بچے کی بیوہ والدہ نے ایک نامزد اور دو نامعلوم افراد پر شک ظاہر کیا تھا، تاہم تاحال کیس میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت سامنے نہیں آ سکی تھی
۔لاش کی برآمدگی کے بعد علاقے میں سوگ اور خوف کی فضا قائم ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے جبکہ واقعے کی تفتیش دوبارہ سے تیز کر دی گئی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +وٹس آپ