جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ) جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور میزان بینک کے تعاون سے اسلامک بینکنگ آگاہی سیمینار کا انعقاد، تاجروں کو سود سے پاک نظام کے فوائد سے آگاہ کیا گیا، رپورٹ انیس احمد پوری نمائندہ خصوصی جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک

اسلامک بینکنگ آگاہی سیمینار کا انعقاد، تاجروں کو سود سے پاک نظام کے فوائد سے آگاہ کیا گیا

جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ ) جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام اور میزان بینک کے تعاون سے اسلامک بینکنگ آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ممبر پنجاب اسمبلی شیخ محمد اکرم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ سیمینار میں سابق صدر چیمبر شیخ مغیث احمد، ممبر ایف پی سی سی آئی عامر ابرار ، حسن شاہد شیخ سابقہ سینئر نایب صدر ممبر مجلسِ عاملہ بلال قیصر، شیخ وسیم احمد، ملک ارشاد حسین سابقہ نایب صدر، سینئر ایریا منیجر جھنگ غفران حسین، معروف شریعہ اسکالر مفتی عبدالباسط، برانچ منیجر یوسف شاہ روڈ عبیدالرحمن، برانچ منیجرز عمران اصغر خان و محمد صدیق شہزاد، صدر جھنگ چیمبر سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری عبدالقیوم، وقار احمد بابر اور دیگر ممبرانِ چیمبر نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شریعہ اسکالر مفتی عبدالباسط نے اسلامی بینکنگ کے تصور، اصولوں اور عملی فوائد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکنگ ایک سود سے پاک مالیاتی نظام ہے جو شریعت کے اصولوں کے مطابق تجارت، سرمایہ کاری اور مالی لین دین کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق 2027 تک ملک کے تمام بینکوں کو اسلامی بینکنگ نظام میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس کے پیشِ نظر تاجر برادری کیلئے اسلامی بینکنگ سے متعلق آگاہی نہایت ضروری ہے۔

مفتی عبدالباسط کا کہنا تھا کہ اسلامی بینکنگ کے شفاف طریقۂ کار کے ذریعے کاروبار کو فروغ دیا جاتا ہے جس سے نہ صرف کاروباری خطرات کم ہوتے ہیں بلکہ منافع بھی حلال اور منصفانہ بنیادوں پر تقسیم ہوتا ہے۔
اس موقع پر شرکاء نے سیمینار کو انتہائی معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے آگاہی سیشنز اور سیمینارز کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ تاجر برادری اسلامی بینکنگ کے بنیادی تصورات، فوائد اور عملی استعمال کو بہتر طور پر سمجھ سکے۔

شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی بینکنگ کے فروغ سے نہ صرف کاروباری طبقہ مستفید ہوگا بلکہ ملکی معیشت کو بھی سود سے پاک مضبوط بنیادیں میسر آئیں گی۔آخر میں جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران نے میزان بینک اور تمام مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اس نوعیت کے سیمینارز کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔

فاروق احمد چیمہ
سیکریٹری جنرل

شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +