جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ ) جھنگ میں دوسری سالانہ قومی قرآنی خطاطی نمائش کا انعقاد، صدارتی ایوارڈ یافتہ اشرف ہیرا سمیت ملک بھر سے نامور خطاط کی شرکت،نمائش کے دوران قرآنی آیات اور اسمائے الٰہی پر مبنی خوبصورت خطاطی کے شاہکار پیش کیے گئے، جنہیں دیکھ کر شرکاء دنگ رہ گئے، رپورٹ مدثر بھٹی

جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ ) جھنگ میں دوسری سالانہ قومی قرآنی خطاطی نمائش کا انعقاد، صدارتی ایوارڈ یافتہ اشرف ہیرا سمیت ملک بھر سے نامور خطاط حطرات کی شرکت –

سرزمینِ جھنگ پر نقشِ دوام خطاط اینڈ آرٹسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن جھنگ کے زیر اہتمام دوسری سالانہ قومی قرآنی خطاطی نمائش گزشتہ روز گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول چک جنوبی جھنگ سٹی میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی اس خوبصورت اور روح پرور تقریب کے آرگنائزر محمد اشرف صابر اور صدر سید شاہنواز حسین تھے، جنہوں نے دن رات کی انتھک محنت سے اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

نمائش میں ملک کے مختلف شہروں، جن میں لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، بھکر، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،اوکاڑہ۔ میانوالی، نوشہرہ اور خیبر پختونخواہ کے دیگر علاقوں سے نامور اور صدارتی ایوارڈ یافتہ قرآنی خطاط اور آرٹسٹوں نے شرکت کی۔

تقریب میں شریک ممتاز خطاط حضرات میں لاہور سے عالمی ایوارڈ یافتہ محمد ابوبکر اور شاہد اقبال، فیصل آباد سے گلزار بٹ، چنیوٹ سے منشا احسن، غلام حر، آفتاب مظہر، منیر شبیر اور نذر قیوم، حافظ آباد سے صدارتی ایوارڈ یافتہ اشرف ہیرا، بھکر سے عبدالمجید، نوشہرہ سے اظہار خویشگی، زر علی خان اور حامد علی، میانوالی (کالاباغ) سے مزمل خان جبکہ جھنگ سے عبدالسبحان سمیت دیگر فنکار شامل تھے۔

نمائش کے دوران قرآنی آیات اور اسمائے الٰہی پر مبنی خوبصورت خطاطی کے شاہکار پیش کیے گئے، جنہیں دیکھ کر شرکاء دنگ رہ گئے۔ منتظمین کی جانب سے شریک فنکاروں میں ایوارڈز، شیلڈز، اسناد اور قرآنِ پاک کے تحائف بھی تقسیم کیے گئے-

تقریب میں مقامی معززین، عوام، طلبہ و طالبات سمیت خواتین کی کثیر تعداد میں شرکت کی اور فنِ خطاطی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے روحانی و ثقافتی پروگرامز نہ صرف نوجوان نسل کو اسلامی فنون سے روشناس کراتے ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کو بھی فروغ دیتے ہیں۔شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس نوعیت کی تقریبات سرکاری سطح پر بھی منعقد کی جائیں اور سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں خطاطی کو بطور مضمون شامل کیا جائے،

جبکہ باقاعدہ اساتذہ کی تقرری بھی عمل میں لائی جائے تاکہ اس عظیم فن کو فروغ دیا جا سکے۔آخر میں منتظمین نے تمام مہمانوں اور شریک خطاط حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس طرح کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +