جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ)پاکستان تاریخ انسانی کی سب سے بڑی قربانیاں دیکر حاصل کیا گیا، ہمیں تجدید عہد کرناہوگا کہ قائد کے فرمان کی تکمیل کیلئے کام کام اور صرف کام کو اپنا شعار بنائیں گے، پرنسپل چناب کالج جھنگ لیفٹیننٹ کرنل (ر) اعظم مقبول صدیقی کا پروقار تقریب سے خطاب، تقریب میں ہر شعبہ زندگی سے وابستہ افراد کی شرکت اور مختلف پروگرامز کے زریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا گیا، رپورٹ شہزاد سلیمی سینئر صحافی

ارجنٹ پریس ریلیز 14 اگست 2024

جشن آزادی۔۔۔چناب کالج تقریب
پاکستان تاریخ انسانی کی سب سے بڑی قربانیاں دیکر حاصل کیا گیا، ہمیں تجدید عہد کرناہوگا کہ قائد کے فرمان کی تکمیل کیلئے کام کام اور صرف کام کو اپنا شعار بنائیں گے، لیفٹیننٹ کرنل (ر) اعظم مقبول صدیقی-

جھنگ ( ): وطن عزیز پاکستان کا یوم آزادی انتہائی تزک و احتشام اور قومی جوش و جذبہ سے منانے کے سلسلہ میں بدھ کی صبح چناب کالج جھنگ میں ایک پروقاروشاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پرنسپل لیفٹیننٹ کرنل(ر) اعظم مقبول صدیقی، وائس پرنسپل، تمام جونیئر وسینئر ٹیچنگ ونگز کی ہیڈ مسٹریسز و ہیڈ ماسٹرز، میل فی میل اساتذہ کرام،فوکل پرسن، کلچرل منیجر، انتظامی حکام، نان ٹیچنگ سٹاف ممبران،طلبا و طالبات اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

صبح 9 بجے سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیاگیا تو فضا پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی جس کیساتھ ہی فضامیں رنگ برنگ غبارے اور کبوتر چھوڑے گئے۔اس موقع پر سکیورٹی سٹاف گارڈز کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنرپیش کیا۔تقریب کے شرکانے یک زبان ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔حسن قرات و نعت خوانی کے بعدجونیئر ونگز کے بچوں نے”اے پیارے لوگو سجدے میں جاکے، ہمارا پرچم یہ پیاراپرچم، اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں ہم ایک ہیں“و دیگر ملی نغمے پیش کئے –

جبکہ چھوٹی بچیوں نے دن کی مناسبت سے انگریزی اور اردو میں تقاریر کا اعزاز حاصل کیا۔ہمارا وطن پاکستان ایک قیمتی تحفہ ہے کے عنوان سے طلباوطالبات نے دل کو چھو لینے والی پرفارمنس کے ذریعے انگلش خاکہ پیش کیا۔بعدازاں مختلف طلباوطالبات نے ملی نغمہ اے وطن تجھے میرا خدا و ٹیبلو پیش کیا۔

تقریب کے دوران تحریک آزادی 1947 کے حوالے سے درپیش آنیوالے حالات وواقعات پر مبنی دستاویزی وڈیو بھی دکھائی گئی۔ اس موقع پر پرنسپل چناب کالج جھنگ لیفٹیننٹ کرنل(ر) اعظم مقبول صدیقی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان تاریخ انسانی کی سب سے بڑی قربانیاں دیکر حاصل کیا گیا-

اسلئے آج کے دن ہمیں تجدید عہد کرناہوگا کہ ہم قائد کے فرمان کی تکمیل کیلئے کام کام اور صرف کام کو اپنا شعار بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے نوجوانوں کو مستقبل کا معمار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آنیوالے وقتوں میں ملک کی باگ ڈور انہوں نے ہی سنبھالنی ہے-

لہٰذا ان کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اعلیٰ معیار کی تربیت بھی یقینی بناناہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں طلباوطالبات پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عالم اقوام کا مقابلہ کرنے سمیت پاکستان کودنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑا کرنے کیلئے دن رات محنت کو اپناشعار بنائیں۔

انہوں نے قوم کویوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو رنگ و بہار ہے ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہے،آج ہم نے اپنی کوتاہیوں کے تدارک اور اس کی ترقی کیلئے سوچنے سمیت اس کی بہتری کیلئے دن رات کام کرنے کا عزم کرنا ہے کیونکہ اگر ہم سب ملکر اس کی ترقی کیلئے کام کریں گے-

تویہ پیاراوطن پوری آن بان شان کے ساتھ رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کو بنانے والے بڑوں،بچوں نے بڑی قربانیاں پیش کرکے الگ وطن بنایااسلئے ہمارا فرض ہے کہ اس ملک کی ترقی اور قائد اعظم کے فرمودات کو اپناتے ہوئے کام کریں تاکہ ہمارا ملک برق رفتار ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے-

۔انہوں نے کہا کہ آزادی کا دن منانے کا مقصد قومی یکجہتی کو فروغ اور وطن کی بے لوث خدمت کے عزم کو مزید پختہ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے تحفظ اور لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے سلسلہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی مناتے وقت ہمیں بھرپور محنت سے انسانیت ا ورملک وقوم کی خدمت کے عزم کابھی اعادہ کرناہوگا۔جشن آزادی کے موقع پر کیک کاٹنے کے اہتمام سمیت مون سون کی شجر کاری مہم کے سلسلہ میں پودے بھی لگائے گئے۔ علاوہ ازیں مختلف کھیلوں کے مقابلوں سمیت چناب کالج کی عمارت پر قومی پرچم کے ڈیزائن کی طرز پر رنگ برگ برقی قمقموں سے شاندار لائٹنگ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ ان لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +

Leave a Comment