جھنگ ( شیخ غلام مصطفیٰ ): امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو گھر کی دہلیز کے قریب اعلٰی معیار کے علاج معالجہ کی بہترین و بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کیلئےوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ میں کیتھ لیب کی تکمیل کا کام تیزی سے جاری ہے۔
اس سلسلہ میں امراض قلب کے ممتازماہرین کی ٹیم نے ڈائریکٹر کیتھ لیب ،معروف کاڈیالوجسٹ اور کنسلٹنٹ ڈاکٹر اطہر رؤف رانا کی سربراہی میں ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ پہنچ کر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرحمن کے ہمراہ کیتھ لیب کا دورہ کیا، کارڈیک کے شعبہ جات کامعائنہ کیا اور مختلف امور کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر کیتھ لیب و سینئر کارڈیک کنسلٹنٹ ڈاکٹر اطہر رؤف رانا نے کہا کہ کیتھ لیب کے قیام کااہم اقدام صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو بہتر بنانےسمیت جھنگ اور گردونواح کے لوگوں کے لیے بروقت، معیاری کارڈیک کیئر کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پنجاب کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید کیتھ لیب کی تکمیل امراض قلب میں مبتلا مریضوں کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی ۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک