جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ) ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ میں کیتھ لیب فنکشنل ، انجیو گرافی کی سہولیات کا آغاز کردیا گیا، لیب میں بتدریج امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو اعلٰی معیار کی تمام طبی سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی ، ڈائریکٹر کیتھ لیب ڈاکٹر اطہر راؤف رانا،رپورٹ حکیم طاہر محمود جنجوعہ ،غلام اللہ فاروقی ،انیس احمد پوری ا

ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کیتھ لیب فنکشنل ، انجیو گرافی کی سہولیات کا آغاز کردیا گیا
لیب میں بتدریج امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو اعلٰی معیار کی تمام طبی سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی ، ڈاکٹر اطہر رئوف رانا
جھنگ ( شیخ غلام مصطفیٰ ): ضلع جھنگ کی 30 لاکھ 77 ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل آبادی سمیت قرب و جوار کے علاقوں کے دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو وزیراعلٰی پنجاب کے ویژن کے مطابق گھر کی دہلیز کے قریب علاج معالجہ کی بروقت سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ میں سٹیٹ آف دی آرٹ آلات سے آراستہ جدید کیتھ لیب نے باضابطہ کام شروع کردیا ہے – اور گزشتہ روز پہلے ہی دن ڈائریکٹر کیتھ لیب و ہیڈ آف انجیو گرافی ڈیپارٹمنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال سینئر کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر اطہر رئوف رانا نے اپنی معاون ٹیم کے ہمراہ نہ صرف مختصر وقت میں چار انجیو گرافی کیس مکمل کئے بلکہ اس سہولت میں روز بروز مزید اضافہ کا بھی عندیہ دیا ۔

دوسری جانب ڈاکٹر اطہر رؤف ف رانا کی جانب سے مقامی ہارٹ سنٹر میں جھنگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پرائمری پی سی آئی کا مشکل اور پیچیدہ عمل انتہائی کامیابی سے انجام دیا گیا ہے جوایک ایسا طریقہ کار ہے جس میں مریض دل کے دورے کے ساتھ آتا ہے اور اس کی شریان (نالی) سو فیصد بلاک ہو چکی ہوتی ہے لہٰذااگر اس بند نالی کو بروقت نہ کھولا جائے تو دل کے پٹھے کمزور یا بالکل ناکارہ ہو سکتے ہیں۔

اسی لیے پرائمری پی سی آئی ایک نہایت اہم اور زندگی بچانے والا پروسیجر ہے جسے ڈاکٹر اطہر رئوف رانانےفخر کے ساتھ سرانجام دیا ہے۔ موصوف کا کہنا ہے کہ عام طور پر یہ پروسیجر بڑے شہروں کے مراکز میں کیا جاتا ہے اور چھوٹے شہروں میں اس کی پیچیدگیاں دیکھ کر اسے کرنے کا حوصلہ کم ہی کیا جاتا ہےلیکن اللہ کے فضل اور اپنی ٹیم کی محنت سے انہوں نے یہ کارنامہ سر انجام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ میں انجیوگرافی مشین کی تنصیب سےغریب اور مستحق مریضوں کو وہی سہولیات دستیاب ہو سکیں گی جو بڑے شہروں میں دستیاب ہیں۔ ڈاکٹر اطہر رئوف رانا نے کہا کہ یہ ایک اہم سنگ میل ہے جس نے جھنگ میں طبی میدان میں نئی امید اور حوصلے کو جنم دیا ہے۔ اور وہ اپنے رب کے بیحد شکر گزارہونے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کےبھی مشکور ہیں جنہوں نے ہر قدم پران کاساتھ دیا۔ ڈائریکٹر کیتھ لیب ڈاکٹر اطہر رئوف رانا کا کہنا ہے کہ یہ ثابت کرتا ہے کہ اگر ارادہ مضبوط ہو تو کوئی بھی مشکل کام ناممکن نہیں رہتا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کیتھ لیب کے مکمل آپریشنل ہونے سے دل کے مریضوں کو فوری ابتدائی و ضروری ٹریٹمنٹ کی سروسز یہیں فراہم ہوسکیں گی۔کیتھیٹرائزیش لیب ہسپتال کا وہ مخصوص حصہ ہے جہاں دل اور خون کی نالیوں سے متعلق تشخیصی ٹیسٹ اور علاج و پروسیجرکیے جاتے ہیں ۔

شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +