جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ) حضرت سیدنا عبدالقادر جیلانیؒ کا سالانہ دو روزہ عرس مبارک اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر، ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مندوں اور زائرین کی شرکت، علامہ پیر محمد مظہر حسین حنفی القادری نے اختتامی دعا کروائی، حفاظ کرام بچوں کی دستار بندی بھی کی گئی، ملک کے نامور علماء کرام نے خطاب کیا، ریاض شاہد خان

حضرت سیدنا عبدالقادر جیلانیؒ کا سالانہ دو روزہ عرس مبارک اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر
ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مندوں اور زائرین کی شرکت، علامہ پیر محمد مظہر حسین حنفی القادری نے اختتامی دعا کروائی
حفاظ کرام بچوں کی دستار بندی بھی کی گئی

جھنگ (ریاض شاہد سے ) آستانہ عالیہ منگانی شریف خانقاہ حضرت سائیں پیر محمد کرم حسین حنفی القادری المعروف قبلہ عالم منگانوی میں الشیخ حضرت سیدنا عبدالقادر جیلانیؒ کے سالانہ دو روزہ عرس مبارک کی تقریبات اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں۔ عرس مبارک میں اندرون و بیرون ملک سمیت ملک بھر سے ہزاروں مریدین، عقیدت مندوں اور زائرین نے شرکت کی اور روحانی فیوض و برکات حاصل کیں۔

تقریب کی صدارت اور خصوصی خطاب پیر طریقت رہبر شریعت مظہر الانوار حضرت علامہ پیر محمد مظہر حسین حنفی القادری سجادہ نشین آستانہ عالیہ منگانی شریف نے کیا۔ اس موقع پر پیر طریقت رہبر شریعت حضرت صاحبزادہ پیر محمد طاہر حسین حنفی القادری، حضرت پیر محمد اختر حسین حنفی القادری، صاحبزادہ ڈاکٹر زین العابدین قادری اور صاحبزادہ انجینئر شمس العارفین قادری سمیت دیگر علمائے کرام نے خصوصی شرکت کی۔

عرس مبارک کے اختتامی روز حضرت مولانا علامہ پیر محمد اجمل رضا قادری نے خطاب کرتے ہوئے حضرت سیدنا عبدالقادر جیلانیؒ کی سیرت، علم و حکمت اور اسلام کے لیے عظیم خدمات پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر حضرت صاحبزادہ پیر محمد طاہر حسین حنفی القادری نے آستانہ عالیہ منگانی شریف کے دینی، تعلیمی، طبی اور فلاحی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ دربار شریف کے زیر اہتمام ’’ریاض الکرم‘‘ کے نام سے قائم ادارہ ملک بھر میں متعدد مساجد کی تعمیر کروا چکا ہے۔

اس موقع پر قرآن پاک حفظ کرنے والے طلبہ کی دستار بندی بھی کی گئی۔ عرس مبارک کے اختتام پر حضرت علامہ پیر محمد مظہر حسین حنفی القادری نے ملک کی سلامتی، استحکام، امت مسلمہ کے اتحاد، عالم اسلام کی سربلندی اور امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ اس موقع پر عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ دونوں روز شرکاء کے لیے لنگر کا وسیع انتظام بھی کیا گیا تھا۔

شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +