جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ) جھنگ میں مزدوروں کا کمشنر سوشل سکیورٹی پنجاب کے خلاف احتجاج، لیبر کالونی میں بھٹہ اور پاور لومز مزدوروں کو شامل کرنے کا مطالبہ، رپورٹ ریاض شاہد خان

جھنگ میں مزدوروں کا کمشنر سوشل سکیورٹی پنجاب کے خلاف احتجاج، لیبر کالونی میں بھٹہ اور پاور لومز مزدوروں کو شامل کرنے کا مطالبہ

جھنگ (ریاض شاہد سے ) جھنگ میں لیبر کالونی اور ورکرز ویلفیئر سکول کی تعمیر کے باوجود ہزاروں مزدور حکومتی سہولیات سے محروم ہیں۔ پاور لومز، بھٹہ انڈسٹری، فلور ملز اور رائس ملز سے وابستہ مزدوروں کے سوشل سکیورٹی کارڈز نہ بننے کے باعث وہ لیبر کالونی کے پلاٹس اور دیگر مراعات سے مستفید نہیں ہو سکتے جبکہ مزدوروں کا الزام ہے کہ صرف شوگر ملز کے ملازمین کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس صورتحال کے خلاف مزدوروں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کمشنر سوشل سکیورٹی پنجاب ذوالفقار کھرل کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ لیبر کالونی کی قرعہ اندازی ہونے والی ہے لیکن جھنگ کے ہزاروں غریب، بے گھر اور مستحق مزدوروں کو سوشل سکیورٹی کارڈز نہ ہونے کے باعث اس عمل سے باہر رکھا جا رہا ہے جو ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیبر کالونی میں بھٹہ مزدوروں اور پاور لومز کے کارکنوں کو بھی شامل کیا جائے اور ان کے سوشل سکیورٹی کارڈز فوری بنائے جائیں تاکہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہو سکے۔

مزدور رہنماؤں نے مزید کہا کہ سالانہ اجرت میں بھی اضافہ نہیں کیا گیا جس سے محنت کش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ اس سلسلے میں ڈویژن بھر میں ” کمشنر سوشل سکیورٹی پنجاب ہٹاؤ مزدور بچاؤ ” تحریک کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

احتجاجی مظاہرے کی قیادت چیئرمین لیبر قومی موومنٹ بابا لطیف انصاری نے کی جبکہ چوہدری اکبر جٹ، شوکت علی، علی سفیان انصاری، ملک سرفراز، حنیف انصاری، اللہ دتہ، عمران نول اور مظہر جوئیہ سمیت کثیر تعداد میں مزدوروں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مزدوروں کے حقوق کے حق میں نعرے درج تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمشنر سوشل سکیورٹی پنجاب ذوالفقار کھرل کو عہدے سے ہٹایا جائے اور جھنگ کے تمام صنعتی شعبوں سے وابستہ مزدوروں کو سوشل سکیورٹی کی سہولیات اور لیبر کالونی میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے عمل میں شامل کیا جائے۔

شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +