جھنگ میں کسان اتحاد عوامی پارٹی کی پریس کانفرنس، گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کرنے کا مطالبہ
حافظ مبشر حسن بخاری سینئر صوبائی نائب صدر پنجاب نامزد
جھنگ ( ) کسان اتحاد عوامی پارٹی رجسٹرڈ نے حافظ مبشر حسن بخاری کو سینئر صوبائی نائب صدر پنجاب نامزد کر دیا۔ اس سلسلے میں جم خانہ کلب جھنگ میں ایک تقریب اور پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر کے کسانوں کو درپیش معاشی و زرعی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور حکومت سے ان کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔
اس موقع پر مرکزی چیئرمین کسان اتحاد عوامی پارٹی چوہدری عبدالرؤف تتلہ، مہر محمد رمضان نول، مہر حاکم خان سیال، مجاہد عباس شاہ ، ملک محفوظ اکیرا ، سید اعظم شاہ ، سید حیدر بخاری ، سید عباس بخاری ، غلام عباس جوئیہ اور عامر شاہ سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین چوہدری عبدالرؤف تتلہ نے کہا کہ ملک میں کسان شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں ابھی تک کرشنگ سیزن شروع نہیں ہوا اور نہ ہی گنے کی قیمت کا تعین کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ سال کی ادائیگیاں بھی تاحال کسانوں کو نہیں مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چاول کی فصل کے خریدار دستیاب نہیں، دوسری جانب گنے کی وسیع پیمانے پر کاشت کے باعث گندم کی کاشت کے لیے بھی زمین کی دستیابی ایک مسئلہ بن رہی ہے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ گنے کی کم از کم قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے اور کسانوں کے بقایا جات کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسان اتحاد عوامی پارٹی نے کسانوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے۔
اس موقع پر نومنتخب سینئر صوبائی نائب صدر پنجاب حافظ مبشر حسن بخاری نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان پر اعتماد کرتے ہوئے اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے جسے وہ بھرپور انداز میں نبھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسانوں کو معاشی مشکلات اور استحصال کا سامنا ہے، کسانوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہوگا۔ ہم نئے عزم کے ساتھ کسانوں کی آواز بنیں گے اور حکومت کو باور کروائیں گے کہ اگر پاکستان کو خوشحال بنانا ہے تو سب سے پہلے کسان کو خوشحال کرنا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر سید مبشر حسن بخاری کی جانب سے شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +