پریس ریلیز
جھنگ کی انتہائی نامور ماہر تعلیم اورہزاروں بچوں کی استادمس روبینہ افتخار داعی اجل کو لبیک کہہ گئیں-
جھنگ 06 مارچ (پ ر):جھنگ کی انتہائی نامور ماہر تعلیم اورہزاروں لاکھوں بچوں کی استادمس روبینہ افتخاروائس پرنسپل سیکرڈ ہارٹ سکول جھنگ مختصر علالت کے بعد داعی اجل کو لبیک کہہ گئیں (اناللہ وانا الیہ راجعون)۔مرحومہ نامور ماہر قانون و دانشور افتخار احمد قانونی ایڈوکیٹ (مرحوم)سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کی دختر، مس فوزیہ افتخار ہیڈ مسٹریس سینئر ونگ چناب کالج جھنگ، مس قرۃ العین افتخار سینئر ٹیچر چناب کالج جھنگ، مس صوفیہ افتخارپرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول سیٹلائٹ ٹاؤن جھنگ اور ماہر تعلیم مس ثمینہ افتخار کی ہمشیرہ تھیں
۔ مس روبینہ افتخار مرحومہ ومغفورہ نے تمام عمر تعلیم اور صرف تعلیم کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا۔ وہ ایک انتہائی شفیق اور مخلص ومحنتی خاتون تھیں جن کے پاس تمام دن گھر پر بھی طلباوطالبات کا تانتا بندھا رہتا۔
مرحومہ جھنگ کی وہ واحد ہستی ہیں جن کے ہزاروں سٹوڈنٹس آج ڈاکٹر، انجینئر، بینکار، پائلٹ، آرمی آفیسر،پروفیسرزبن کر نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک فرائض سرانجام دیتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں،یہی نہیں بلکہ ملک کا کوئی بھی شعبہ شاید ایسا نہ ہو جہاں ان کے سٹوڈنٹس اہم عہدوں پر فائز اور سرزمین جھنگ کا نام روشن نہ کررہے ہوں۔
مرحومہ کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب سانس لینے میں دشواری کی تکلیف پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکیں اور کارڈیک اریسٹ کے باعث اپنے مالک حقیقی سے جاملیں۔ مرحومہ اپنی وفات سے چند گھنٹے قبل تک بھی اپنے طلباوطالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرتی رہیں۔
مرحومہ کے انتقال کی خبر اہلیان جھنگ اور خصوصاً شعبہ تعلیم سے منسلک افراد اور ان کے طلباوطالبات پر بجلی بن کر گری اور واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہلیان شہر کی ایک بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔
مرحومہ کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ قانونی ہاؤس نزد تھانہ صدر چوک جھنگ صدر سے بدھ کی دوپہر بعد نماز ظہر2 بجے اٹھایا گیا اور ان کی نماز جنازہ گھر کے قریبی گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں اہم انتظامی وپولیس حکام، تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ، پروفیسرز، وکلا، علما، سیاستدانوں، صحافیوں،دانشوروں،صنعتی وکاروباری شخصیات اورہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پران کے شاگردوں اور طلباکی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحومہ کواشکبار آنکھوں کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان میں ان کے والد اور والدہ مرحومہ کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحومہ کی روح کو ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی آج جمعرات کی صبح 9بجے ان کی رہائش گاہ تھانہ صدر چوک جھنگ صدر پر ادا کی جا ئے گی۔
###