چناب کالج کا ایک اور اعزاز،ہونہار طالبہ عائشہ کاشف ہارورڈ یونیورسٹی امریکہ میں فل برائٹ میرٹ سکالر شپ پر داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی-
جھنگ (بیورورپورٹ) شاندار تعلیمی روایات کے حامل چناب کالج جھنگ کی ہونہار طالبہ عائشہ کاشف نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی شہرت کی حامل ہارورڈ یونیورسٹی امریکہ میں فل برائٹ میرٹ سکالر شپ پر کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ میں گریجوایشن کیلئے داخلہ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ عائشہ کاشف جو اس وقت اے ٹو کلاس کی طالبہ ہے نے کالج ڈکس بورڈ پر او لیول میں 9 اے سٹارز اور اے ایس لیول امتحان میں 5 اے حاصل کرکے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
عائشہ کاشف کی شاندار کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے چناب کالج جھنگ کی جانب سے ان کے اعزاز میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پرنسپل چناب کالج جھنگ لیفٹیننٹ کرنل (ر) اعظم مقبول صدیقی کی جانب سے عائشہ کاشف کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا ۔
اس موقع پر طالبہ عائشہ کاشف کے فیملی ممبران، تمام ٹیچنگ سیکشنز کے سربراہان اور ان کے اساتذہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے عائشہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی شاندار کامیابی کی دعائوں سمیت نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر ایسی ہی مزید کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ۔یاد رہے کہ مذکورہ ذہین طالبہ اس سے قبل بھی چناب کالج جھنگ کی طرف سے کیمبرج یونیورسٹی کے امتحانات میں اے پلس گریڈز حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہے۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے بھی مذکورہ شاندار کامیابی پرپرنسپل چناب کالج جھنگ ،طالبہ کے والدین اور اساتذہ کرام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
شیخ غلام مصطفٰی سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز 923417886500 +وٹس آپ