جھنگ ( بیورو رپورٹ ) تحریک ادب القرآن ٹرسٹ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام فوارہ چوک جھنگ میں فی سبیل اللہ قرآن پاک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ایس پی انویسٹیگیشن جاوید چدھڑ ، معروف سماجی شخصیت چوہدری افتخار احمد لندن والے ، ضلعی صدر لیبر قومی موومنٹ چوہدری تنویر احمد ، ضلعی صدر صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن حاجی ظفر اقبال منو ، حاجی اشتیاق اور سابق چیئرمین پریس کلب جھنگ حاجی منظور سمیت شہر بھر کی معروف کاروباری شخصیات نے شرکت کی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس پی انویسٹیگیشن جاوید اقبال چدھڑ نے کہا کہ قرآن پاک کے احکامات پر عمل پیرا ہو کر بہترین زندگی گزاری جا سکتی ہے ۔ قرآن پاک کے حقوق کے مطابق اسکا ادب کرنا، پڑھنا ، سمجھنا ، اسکے احکامات پر عمل کرنا اور آگے پھیلانا ہے ۔ ماہ رمضان کے مقدس ماہ میں فی سبیل اللہ قرآن پاک کی تقسیم احسن عمل ہے ۔
چوہدری افتخار احمد لندن والے کا کہنا تھا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ ” تم میں سے بہتر انسان وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے”. چیئرمین تحریک ادب القرآن ٹرسٹ انٹرنیشنل محترم عبدالمنان کا کہنا تھا کہ وہ گذشتہ 24 سال سے قرآن پاک کی خدمت کر رہے ہیں ۔
تحریک ادب القرآن ٹرسٹ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام نہ صرف پورے پاکستان سے ضعیف قرآن پاک جمع کر کے محفوظ کیے جاتے ہیں بلکہ قابل تلاوت قرآن پاک کے نسخوں کی نئی جلد بندی کر کے ان کو فی سبیل اللہ تقسیم بھی کیا جاتا ہے ۔ اسی سلسلے میں آج جھنگ میں قرآن پاک ، کتب احادیث ، تفاسیر اور اسلامی کتب فی سبیل اللہ تقسیم کی گئی ہیں۔
شیخ غلام مصطفٰی سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز 923417886500 +وٹس آپ