جھنگ ( عرفان حیدر سیال / ڈسٹرکٹ کرائم رپورٹر) محکمہ مال کی مبینہ طور پر ملی بھگت سے چک 464 ج ب میں پنجاب حکومت کی ملکیتی 738 کنال 4 مرلے رقبہ پر ناجائز قابضین کی جانب سے سینکڑوں درخت ، فصل سویا بین اور تقریبآ 2 کروڑ روپے کی فصل گندم کی کٹائی جاری ہے جبکہ اہلیان علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی
۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ کے نواحی علاقہ چک 464 ج ب جوڑی والا قانگوئی موچی والا کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ 738 کنال 4 مرلے رقبہ محفوظ نالی ملکیتی صوبائی حکومت موجود ہے ، بورڈ اف ریونیو قانون کے مطابق محفوظ نالی رقبہ نہ تو فروخت ہو سکتا ہے اور نہ لیز پر کاشت کیلئے دیا جا سکتا ہے لیکن محکمہ مال کی ملی بھگت سے 2010 میں لیز پر دے دیا گیا جسے کمشنر فیصل آباد نے اہلیان علاقہ کی اپیل پر سال 2011 میں فیصلہ معطل کرتے ہوئے بورڈ اف ریونیو کو رقبہ واگزار کروانے کے احکامات جاری کیے ۔
لیکن ناجائز قابضین کی جانب سے رقبہ پر قبضہ کی کوششیں مسلسل جاری رہیں ۔ اسی بابت سال 2020 اور سال 2024 میں ناجائز قابضین کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں لیکن ناجائز قابضین بدستور قابض اور خزانہ سرکار کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں۔ بورڈ اف ریونیو کی جانب سے حلقہ پٹواری کو سپردار مقرر کیا گیا لیکن ناجائز قابضین کی نہ تو گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے نہ ہی ان سے لاکھوں روپے کے درختوں اور فصل گندم کی ریکوری کی جا سکی ہے –
جبکہ ابھی بھی تقریباً 2 کروڑ روپے کی فصل گندم کی کٹائی جاری ہے اور خزانہ سرکار کو مسلسل بھاری نقصان پہنچایا جا رہا ہے ۔ اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ ناجائز قابضین کی جانب سے اہلیان علاقہ کو آتشیں اسلحہ سے مسلسل ڈرایا دھمکایا جاتا ہے جس سے نقص امن کا شدید خطرہ ہے ۔ چک 464 ج ب جوڑی والا قانگوئی موچی والا کے رہائشیوں نے وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز ، کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر جھنگ سے اس بابت نوٹس لینے اور کاروائی کی درخواست کی ہے ۔
شیخ غلام مصطفٰی سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز