رپورٹ (عرفان حیدر سیال /بیوروچیف )پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن جھنگ کی جانب سے ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ میں پودا لگا کر ‘مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا گیا۔ اس موقع پر پی ایم اے ضلعی صدرڈاکٹر آصف رضاخان،سینیئر نائب صدر ڈاکٹر محمد جمشید خان، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر لقمان علی ، ڈاکٹرحناء عباس سیال اور ڈاکٹر ملیحہ خان موجود تھے۔ جنرل سیکرٹری پی ایم اے جھنگ ڈاکٹر لقمان علی نے پودا لگانے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن جھنگ کے عہدیداران اس مہم کے دوران 5000 پودے لگانے کا ہدف 14اگست تک مکمل کرلیں گے۔ ضلع بھر کے تمام سرکاری ونجی ہسپتالوں میں پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے عوام بھی قومی و اخلاقی فریضہ سمجھ کر اس مہم میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ہم اپنے ضلع کوسرسبز وشاداب بناسکیں۔ماحولیاتی آلودگی ہمارے ملک کا سب سے بڑامسئلہ ہے جس پر قابو پانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگا کرپاکستان کو سرسبزو شاداب بنانا ہے تاکہ ہمارے آئندہ نسلوں کوماحولیاتی آلودگی سے پاک ماحول میسر آسکے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو چاہیے کہ وہ کھلے مقامات، نہروں اور سڑکوں کے کنارے بھرپور شجرکاری کرے۔شجر کاری مہم کے تحت ہم شہروں،دیہاتوں،قصبوں، گلی محلوں اور گھرو ں کو سر سبز و شاداب بنا سکتے ہیں۔ شجرکاری ہم سب کی معاشرتی ذمہ داری ہے جو ہماری بقاء کے لئے ناگزیر ہے۔بھرپور شجر کاری کی بدولت فضائی آلودگی کا خاتمہ ہوگا اورہمارا ملک سرسبزو شاداب نظر آئے گا۔
انشاء اللہ