جھنگ۔
ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اور ممبر صوبائی اسمبلی کرنل ر غضنفر عباس قریشی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسربلال افتخار کیانی ، مولانہ محمد آصف معاویہ،امیر عباس سیال، سابق ممبر صوبائی اسمبلی سلطان سکندر بھروانہ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی شیخ محمد یعقوب، سابق ممبر صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی خالد غنی سمیت اسسٹنٹ کمشنرز، دیگر ضلعی افسران بھی شریک تھے۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کی جانب سے کمیٹی ممبران کو ضلع میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو جاری ترقیاتی سکیموں میں میٹریل کی کوالٹی چیک کرنے کے حوالہ سے بھی احکامات جاری کئے گئے۔ دوران اجلاس ممبر صوبائی اسمبلی کرنل ریٹائرڈ غضنفر عباس قریشی نے اپنے حلقہ میں نئے نصب ہونے والے واٹر فلٹریشن پلانٹس کو جلد فنکشنل کرنے کی نشاندہی کی۔
جس پر ایکسین پبلک ہیلتھ نے جاری کام پر بریفنگ دی۔سڑکوں کی بحالی کے جاری کام میں تیز رفتار اقدامات کرنے اور بارش کے بعد سڑکوں کے اطراف گڑھے بھرنے بارے محکمہ ہائی وے کو ہدایات جاری کی گئیں-
جبکہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر مقررہ ریٹس پر عملدرآمد بارے سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کو احکامات جاری کئے گئے۔کمیٹی ممبران نے ٹریفک پولیس کو کم عمر ڈرائیوراور بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔
محکمہ صحت کے افسران کو تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ڈاکٹر و سٹاف کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایات کی گئیں جبکہ ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹرز و سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائیاں کرنے کی تاکید کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر گڈ گورننس اور شفافیت کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں۔
رپورٹ جاوید اقبال ملاح
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ ان لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +