*سموگ کی روک تھام کیلئے جھنگ پولیس کی مؤثر کاروائیاں، دھواں چھوڑنے والی 1414 گاڑیاں چالان، 27 لاکھ سے زائد جرمانے عائد*
*آلودگی کے خلاف پولیس کی جدوجہد ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہورہی ہے، ڈی پی او کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی*
جھنگ ( شیخ غلام مصطفیٰ ) سموگ کے بڑھتے ہوئے خطرات اور فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے جھنگ پولیس کی ضلع بھر میں موثر کاروائیاں جاری ہیں۔ عوام کی صحت اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لئے جھنگ پولیس اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے ایک نئے عزم کے ساتھ میدان میں ہے۔آلودگی کے خلاف اس مہم میں کارخانوں، بھٹوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
سموگ کے خاتمے کیلئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیاں بالخصوص دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔رواں ماہ 12 نومبر تک دھواں چھوڑنے والی 1414 گاڑیوں کو چالان کیا گیا ہے۔27 لاکھ سے زائد جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔
ان اقدامات نے نہ صرف فضائی آلودگی کی روک تھام میں مدد دی ہے بلکہ سموگ کے سائے کو کم کرنے میں بھی مثبت اثر ڈالا ہے۔ڈی پی او کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے کہا ہے کہ پولیس نے سموگ کے خلاف عوام میں آگاہی مہم بھی شروع کی ہے،
جس میں شہریوں کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ ماحول کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، اور کوڑے کو آگ نہ لگائیں۔ڈی پی او بلال افتخار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ جدوجہد محض ایک وقتی کوشش نہیں، بلکہ یہ ایک مسلسل عمل ہے جس کا مقصد ہماری زمین کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ بنانا ہے۔
پولیس کے ان اقدامات کو شہریوں کی جانب سے بھی خوب سراہا جا رہا ہے، اور یہ امید کی جا رہی ہے کہ سموگ کے اس پردے کو چیر کر ہم صاف اور صحت مند فضاء کی طرف بڑھ سکیں گے۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ ان لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +