جھنگ ( ) جھنگ میں مختلف فیکٹریوں میں ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے آتشزدگی کے سبب مزدوروں کی زندگیاں داؤ پر لگ چکی ہیں اور مزدور کام کرتے ہوئے شدید تحفظات کا شکار ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ہفتہ بھی دو فیکٹریوں میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے اور کروڑوں روپے کا کپڑا جل کر راکھ ہو گیا جبکہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ اس حوالے سے مرکزی چیئرمین لیبر قومی موومنٹ بابا لطیف انصاری نے جنرل سیکرٹری اکبر جٹ ، نور خان بلوچ ، صدر بھٹہ یونین شوکت علی ، علی سفیان انصاری ، ریاض شاہد ، اللہ دتہ اور سجاد وڑائچ سمیت درجنوں مزدوروں کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر جھنگ مہر نواز ڈب اور لیبر آفس عمار علی سے میٹنگ کی اور اپنے مطالبات پیش کیے ۔
بابا لطیف انصاری کا کہنا تھا کہ فیکٹریوں میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا لیبر ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری ہے ۔ فیکٹریوں میں ارتھ بریکر لگائے جائیں اور بجلی بنانے والے آلات کے سیفٹی میئرز کو پورا کیا جائے ۔
جھنگ میں بھٹہ خشت مزدور شدید بدحالی کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ بھٹوں پر واش رومز ، پینے کا صاف پانی اور بجلی کی سہولیات ناپید ہیں ۔ مزدوروں سے ایک کمرہ میں ایک بلب جلانے کا کرایہ 1000 روپے وصول کیا جا رہا جو ماہانہ 4000 روپے بنتا ہے جو غریب مزدوروں پر ظلم ہے ۔
لیبر ڈیپارٹمنٹ اس بات کو یقینی بنائے کہ بجلی کا بل یونٹس کے استعمال کی بنیاد پر وصول کیا جائے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر مہر نواز ڈب نے 15 دن کے اندر فیکٹریوں میں انتظامات بہتر کرنے اور اجرت میں سالانہ اضافے پر جلد عمل کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔ مزدوروں نے فیکٹریوں میں سہولیات کی عدم فراہمی پر علامتی احتجاج بھی کیا ۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ ان لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +