(رپورٹ: عرفان حیدر سیال)
فرض شناس نوجوان آفیسر شہزاد حسین کے بطور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر جھنگ تعینات ہونے کے محض چند دن بعدھی ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میں مثبت اور نمایاں تبدیلیوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ ان کی تعیناتی کے ساتھ ہی دفتر کے نظم و ضبط اور کارکردگی میں واضح بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔
دفتر کے انتظامی امور کو مؤثر بنانے کے لیے شہزاد حسین نے وقت کی سخت پابندی کو یقینی بناتے ہوئے عملے کی صبح 9 بجے حاضری لازم قرار دی، جس کے نتیجے میں دفتری امور میں باقاعدگی اور تیزی پیدا ہوئی۔ مزید برآں، انہوں نے طویل عرصے سے زیر التوا تمام پینڈنگ کیسز کو نمٹا کر عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا۔
اس سے قبل شہزاد حسین آڈیٹر جنرل پنجاب آفس لاہور میں بطور اسسٹنٹ اکاؤنٹنٹ جنرل خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے کیڈر آفیسر ہیں اور ان کا تعلق 51ویں کامن ٹریننگ پروگرام سے ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد حسین نے کہا کہ ان کا دفتر ہر وقت عوام کے لیے کھلا ہے اور ان کی اولین کوشش یہ ہے کہ شہریوں کو براہِ راست ان تک رسائی حاصل ہو تاکہ ان کے مسائل کا بروقت اور شفاف حل ممکن بنایا جا سکے۔ اسی مقصد کے تحت عوامی سہولت کے لیے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میں ان کی زیرِ نگرانی ایک کمپلینٹ سیل قائم کیا گیا ہے، جس کا رابطہ نمبر 0328-1725131 ہے، جہاں شہری اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کمپلینٹ سیل کے قیام کے بعد محض دو ہفتوں کے اندر 500 سے زائد شہریوں کے مسائل کا ازالہ کیا جا چکا ہے، جو دفتر کی مؤثر کارکردگی کا مظہر ہے۔
شہزاد حسین نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے میں وہ دفتر میں کھلی کچہری کے انعقاد کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کا مقصد ضلع جھنگ کے تقریباً 26 ہزار حاضر سروس ملازمین اور 15 ہزار پنشنرز کے مسائل سے براہِ راست آگاہی حاصل کرنا اور ان کے فوری و مؤثر حل کو یقینی بنانا ہے۔
آخر میں انہوں نے عام شہریوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ
“ہماری کوشش ہے کہ سرکاری دفتر کو عوام کے لیے سہولت اور اعتماد کی علامت بنایا جائے۔ میں جھنگ کے تمام شہریوں، ملازمین اور پنشنرز کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کو ایک شفاف، فعال اور عوام دوست ادارہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی”
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +