ورلڈ یونانی ڈے: نئے مجوزہ ایکٹ کے خلاف طبی حلقوں کا شدید ردِعمل
طب، طبیب اور مطب کی دواسازی پر پابندی کو یونانی طب کے خاتمے سے تشبیہ
جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ ) پاکستان طبی ریفارمرز ایسوسی ایشن (PTR) کے زیرِ اہتمام ورلڈ یونانی ڈے کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کی مختلف طبی تنظیموں کے عہدیداران، معالجین اور ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت چیئرمین پاکستان طبی ریفارمرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر و حکیم طاہر سعید جان نے کی، جبکہ صدر پروفیسر حکیم اظہر خان بلوچ، جنرل سیکرٹری حکیم ظفر اقبال نول، صدر پنجاب حکیم محمد علی سعید، جنرل سیکرٹری پنجاب حکیم سید اسلم شاہ گیلانی، صدر پاکستان طبی الائنس حکیم راحت نسیم سوہدروی، جنرل سیکرٹری پی ٹی اے پروفیسر حکیم سجاد زخمی، ترجمان وفاق اطباء پاکستان حکیم دانیال شیث، صابر شاہین فاؤنڈیشن حکیم رفیق شاہین، پروفیسر اشفاق احمد اور حکیم عرفان شاہد سمیت دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔
مقررین نے ورلڈ یونانی ڈے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یونانی طب صدیوں پر محیط ایک مستند اور مؤثر نظامِ علاج ہے جس نے عوام کو کم خرچ اور محفوظ طبی سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے برصغیر کے عظیم حکیم ڈاکٹر محمد اجمل خانؒ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور یونانی طب کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب میں نئے مجوزہ ایکٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ طب، طبیب اور مطب کی دواسازی پر پابندی عائد کرنا درحقیقت یونانی طب کے خاتمے کے مترادف ہے۔
مقررین کے مطابق اصلاحات کے نام پر زبردستی قانون کا نفاذ نہ صرف لاکھوں معالجین کے روزگار کو متاثر کرے گا بلکہ عوام کو سستے اور روایتی علاج سے بھی محروم کر دے گا۔شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجوزہ ایکٹ پر عملدرآمد سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے اور ایسے نکات پر نظرِ ثانی کی جائے جو یونانی طب کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر طب یونانی کے خلاف کسی بھی قسم کی یکطرفہ قانون سازی کی گئی تو ملک بھر کے طبی حلقے بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر یونانی طب کے فروغ، اتحادِ اطباء اور اصلاحِ نظام کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان طبی ریفارمرز ایسوسی ایشن ہر سطح پر طب یونانی کے تحفظ اور بقا کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +وٹس آپ