جھنگ(شیخ غلام مصطفیٰ )ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر جھنگ سعید اختر دھولکہ کا جھنگ کے شہریوں کے نام اہم پیغام
عید الاضحیٰ کی آمد کے پیشِ نظر ٹریفک پولیس جھنگ کی جانب سے شہریوں کی سہولت، تحفظ اور شاہراہوں پر ٹریفک کی بلاتعطل روانی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع اور خصوصی ٹریفک مینجمنٹ پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر (DTO) جھنگ، سعید اختر دھولکہ نے شہریوں اور بیوپاریوں کے نام ایک انتہائی اہم ہدایتی پیغام جاری کیا ہے۔
عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ عید کے دنوں میں سڑکوں کے کنارے یا ممنوعہ مقامات پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت شروع کر دی جاتی ہے، جو شدید ٹریفک جام اور حادثات کا سبب بنتی ہے۔ لہٰذا، تمام بیوپاریوں اور خریداروں سے گزارش ہے کہ وہ صرف ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مختص کردہ مویشی منڈیوں کا رخ کریں۔
سڑکوں پر غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم کرنے والوں اور ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے والے عناصر پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک اسکواڈز فیلڈ میں تعینات کر دیے گئے ہیں۔
شاہراہوں پر ناجائز تجاوزات قائم کرنے، رانگ پارکنگ کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
”عید الاضحیٰ ایثار، قربانی اور نظم و ضبط کا نام ہے۔ جھنگ کے تمام معزز شہریوں سے التماس ہے کہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور شہر کو ٹریفک جام سے بچانے میں ٹریفک پولیس جھنگ کا ساتھ دیں۔
آپ کا تعاون ہی محفوظ اور پرامن جھنگ کی ضمانت ہے۔”
”آپ کی حفاظت، ہماری اولین ترجیح!”
🌙عید الاضحیٰ مبارک! 🌙