جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ )کثیر قربانیوں سے حاصل کیا جانے والا وطن شہداء کی قربانیوں سے محفوظ ہےپاکستان کا یومِ آزادی ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے آزادی کے حصول کے لیے دیں۔ لاکھوں مسلمانوں نے ہجرت کے کٹھن سفر میں جان و مال کی قربانیاں پیش کیں، تب جا کر ہمیں آزاد وطن نصیب ہوا ان خیالات کا اظہار صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب جھنگ وحید ملک نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے، لیکن وطن کے دفاع کی جنگ آج بھی جاری ہے۔ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج کے بہادر جوان دن رات اپنی جانیں وطن پر نچھاور کر رہے ہیں۔ سرحدوں کی حفاظت ہو یا دہشت گردی کے خلاف جنگ، افواجِ پاکستان کے جوان ہر محاذ پر قوم کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔جشنِ آزادی کے موقع پر سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔وحید ملک نے مزید کہا کہ یہ پرچم صرف آزادی کی علامت نہیں بلکہ ان قربانیوں کی یادگار بھی ہے جو اس وطن کے حصول اور اس کے دفاع کے لیے دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دشمن کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ یہ وطن قربانیوں سے حاصل ہوا ہے اور اس کے دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +