حویلی بہادر شاہ (شیخ غلام مصطفیٰ) دھان پر ممنوعہ زرعی ادویات کے استعمال سے چاول کی برآمد متاثر ہونے کا خدشہ ،کسانوں کو احتیاط کی ہدایت،ڈپٹی ڈائریکٹرز پیسٹ وارننگ جھنگ ڈاکٹر محمد عمران اور محمد شوکت کا حویلی بہادر شاہ سمیت دیگر علاقوں میں ڈیلرز اور کاشتکاروں سے مشاورتی اجلاس، رپورٹ غلام اللہ فاروقی

دھان پر ممنوعہ زرعی ادویات کے استعمال سے چاول کی برآمد متاثر ہونے کا خدشہ، کسانوں کو احتیاط کی ہدایت
جھنگ،
حویلی بہادر شاہ ،۔ سیکرٹری زراعت پنجاب کی ہدایات پر اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عامر رسول کی سربراہی میں محکمہ پیسٹ وارننگ کی جانب سے ضلع جھنگ کے مختلف علاقوں میں کسانوں اور زرعی ادویات کے ڈیلروں کے ساتھ آگاہی و مشاورتی اجلاس منعقد کیے گئے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ جھنگ ڈاکٹر محمد عمران اور ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ جھنگ محمد شوکت نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ڈیلرز و کاشتکاروں سے ملاقاتیں کیں۔ اجلاسوں میں کسانوں کو فصلوں کی بہتر نگہداشت، کیڑوں اور بیماریوں کی بروقت تشخیص، زرعی ادویات کے درست اور ذمہ دارانہ استعمال سمیت دیگر اہم امور کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔

محکمہ پیسٹ وارننگ کے افسران نے زرعی ادویات کے ڈیلروں کو خصوصی ہدایت کی کہ دھان کی فصل پر ممنوعہ زرعی ادویات کی فروخت یا استعمال کی ترغیب سے گریز کیا جائے اور کسانوں کو صرف منظور شدہ و تجویز کردہ زرعی ادویات کے استعمال کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے۔

افسران نے بتایا کہ دھان پر غیر منظور شدہ یا ممنوعہ زرعی ادویات کا استعمال نہ صرف فصل اور انسانی صحت کے لیے مسائل پیدا کر سکتا ہے بلکہ چاول کی برآمدات پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ عالمی منڈی میں پاکستانی چاول کے معیار اور محفوظ پیداوار کی اہمیت کے پیش نظر ممنوعہ زرعی ادویات کے استعمال سے برآمدی معیار متاثر ہونے کی صورت میں پاکستانی چاول کو بین الاقوامی مارکیٹ میں کم قیمت ملنے کا خدشہ ہوتا ہے، جس کا براہِ راست اثر ملکی برآمدات اور بالخصوص کسان کی آمدن پر پڑتا ہے۔

محکمہ پیسٹ وارننگ کے افسران نے کہا کہ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے فصلوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ زرعی پیداوار کے معیار کو برقرار رکھنا بھی انتہائی ضروری ہے۔ کاشتکاروں کو چاہیے کہ کسی بھی بیماری یا کیڑے کے حملے کی صورت میں ازخود غیر ضروری سپرے کرنے کے بجائے محکمہ زراعت کے ماہرین سے رہنمائی حاصل کریں۔

انہوں نے زرعی ادویات کے ڈیلروں پر بھی زور دیا کہ وہ کسانوں کو درست معلومات فراہم کریں اور ایسی ادویات کی فروخت سے اجتناب کریں جو متعلقہ فصل کے لیے ممنوع یا غیر منظور شدہ ہوں۔

اس موقع پر افسران کا کہنا تھا کہ “کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا”۔ حکومت اور محکمہ زراعت کی کوشش ہے کہ کسانوں کو جدید زرعی طریقوں سے آگاہ کیا جائے، فصلوں کی پیداوار اور معیار بہتر بنایا جائے اور پاکستانی زرعی اجناس خصوصاً چاول کی عالمی منڈی میں ساکھ کو برقرار رکھا جائے۔

کاشتکاروں نے محکمہ پیسٹ وارننگ کی جانب سے آگاہی مہم کو سراہا،،،،،،،، رپورٹ غلام اللہ فاروقی

شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +