پاکستان طبی ریفارمرز کا تاریخی کنونشن، طبِ یونانی کی بحالی کے لیے چھ بڑے منصوبوں کا اعلان ،ملک بھر سے سینکڑوں اطبا کی شرکت، ابنِ سینا ماڈل ریسرچ مطب، قانونی اصلاحات، یونانی فرسٹ ایڈ کٹ اور صوبائی کنونشنز کے انعقاد کا فیصلہ ،رپورٹ ڈاکٹر ظفر اقبال نول

اسلام آباد میں پاکستان طبی ریفارمرز کا تاریخی کنونشن، طبِ یونانی کی بحالی کے لیے چھ بڑے منصوبوں کا اعلان

ملک بھر سے سینکڑوں اطبا کی شرکت، ابنِ سینا ماڈل ریسرچ مطب، قانونی اصلاحات، یونانی فرسٹ ایڈ کٹ اور صوبائی کنونشنز کے انعقاد کا فیصلہ

جھنگ(بیورورپورٹ) پاکستان طبی ریفارمرز ایسوسی ایشن (PTRA) کے زیرِ اہتمام نیشنل طب ریویول اینڈ ریفارم کنونشن اسلام آباد ہوٹل میں منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان سے سینکڑوں اطبا، طبی ماہرین، سابق اراکین نیشنل کونسل فار طب اور مختلف سرکاری و متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ کنونشن میں طبِ یونانی کو قومی صحت کے دھارے میں شامل کرنے، طبیبوں کے حقوق کے تحفظ، قانونی و تعلیمی اصلاحات اور جدید تحقیقی منصوبوں کے آغاز کے لیے اہم اعلانات کیے گئے۔کنونشن سے مرکزی سرپرستِ اعلیٰ حکیم محمد آغا جی، مرکزی صدر طبیب محمد اظہر خان بلوچ، سابق مشیرِ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان فیض اللہ فراق، سرپرستِ اعلیٰ سندھ ذوالفقار علی شاہ،مرکزی جنرل سیکرٹری ظفراقبال نول،صدر بلوچستان پروفیسر حکیم محمد یوسف قریشی،جنرل سیکریٹری پنجاب سید اسلم شاہ گیلانی، جنرل سیکریٹری خیبر پختونخوا، سابق رکن نیشنل کونسل فار طب حکیم بشیر بھیروی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ طبِ یونانی کی ترقی کے لیے حکومتی سرپرستی، مؤثر قانون سازی، معیاری تعلیم، جدید تحقیق اور اطبا کا اتحاد ناگزیر ہے۔ حکیم محمد آغا جی نے طب، طبیب اور مطب کے لیے الگ قومی طبی ایکٹ کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر نور محمد شاہ ڈائریکٹر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے پاکستان طبی ریفارمرز کو اپنی نمائندہ کمیٹی تشکیل دے کر موجودہ قوانین و ضوابط کے حوالے سے تحفظات اور تجاویز متعلقہ حکام کے سامنے پیش کرنے کی تجویز دی۔ سابق مشیر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے اطبا کے مسائل حکومتی ایوانوں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ سید اسلم شاہ گیلانی نے قومی صحت کے بجٹ میں فی فرد پانچ روپے طب و طبیب کی خدمات کے لیے مختص کرنے کی تجویز پیش کی۔کنونشن کے اہم حصے میں چیئرمین PTRA نے چھ بڑے منصوبوں کا اعلان کیا، جن میں بڑے شہروں میں ابنِ سینا ماڈل ریسرچ مطب پراجیکٹ کا آغاز، ڈریپ قوانین پر نظرثانی کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل، قومی صحت پالیسی میں طبِ یونانی کی شمولیت، یونانی ایمرجنسی و فرسٹ ایڈ کٹ کی تیاری، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں صوبائی کنونشنز کا انعقاد اور PTRA فیملی کارڈ ہولڈرز کو علمی، تحقیقی اور فلاحی منصوبوں میں متحرک کرنا شامل ہیں۔ابنِ سینا ماڈل ریسرچ مطب منصوبے کے تحت موجودہ مطبوں کو جدید علمی، تحقیقی، اخلاقی اور انتظامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایس او پیز تیار کیے جائیں گے۔ اس منصوبے میں تربیتی ورکشاپس، سیمینارز، مستحق مریضوں کے لیے مفت طبی کیمپس، مریضوں کے فالو اَپ اور علاج کے نتائج کا ریکارڈ مرتب کرنے کے ساتھ ابنِ سینا میڈیکل بورڈ کی تشکیل بھی شامل ہے۔چیئرمین نے اعلان کیا کہ ڈریپ قوانین کے جائزے کے لیے قائم خصوصی کمیٹی دس روز میں اپنی سفارشات مرتب کرکے متعلقہ حکام کو پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ طبِ یونانی کی بحالی صرف مطالبات سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے اطبا کو بھی اپنی علمی صلاحیتوں، تجربے اور وسائل کے مطابق عملی کردار ادا کرناہوگاکنونشن کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طب، طبیب اور مطب کے تحفظ، وقار اور ترقی کے لیے ملک گیر سطح پر منظم جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اختتام پر مرکزی صدر طبیب محمد اظہر خان بلوچ کی والدہ محترمہ کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی۔

شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +