احمد پور سیال(ضیغم عباس عاجز سے)آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک کی تھانہ احمد پور سیال میں کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر فوری احکامات، زیرِ تعمیر تھانے کا بھی دورہ.ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے تھانہ احمد پور سیال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں ڈی پی او جھنگ ساجد حسین، ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل، شکایات اور درخواستیں آر پی او فیصل آباد کے سامنے پیش کیں۔ اس موقع پر آر پی او انعام الرحمن ملک نے شہریوں کی شکایات کو نہایت توجہ سے سنا اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ پولیس افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے، ہر درخواست پر میرٹ کے مطابق کارروائی کی جائے اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت نہ برتی جائے۔ آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے کہا کہ پولیس کا بنیادی فرض عوام کے جان و مال کا تحفظ، شہریوں کو انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔ تھانوں میں آنے والے ہر شہری کے ساتھ عزت، احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے تاکہ کسی بھی شہری کو بلاوجہ انتظار یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں غفلت اور انصاف کی فراہمی میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد اور رابطے کو مضبوط بنانا، شہریوں کو براہِ راست اپنی شکایات پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا اور ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ بعد ازاں آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے نئے زیرِ تعمیر تھانہ احمد پور سیال کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے پیش رفت کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ تھانے کی تعمیر کا کام مقررہ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر پولیس سہولیات فراہم کی جا سکیں
👁️ Estimated Views 215