جھنگ(محمد ریاض شاہد)پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع جھنگ کے زیر اہتمام بجلی کے فی یونٹ قیمتوں پر عائد ہونے والے ٹیکسوں پر مشتمل ٹیرف کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع جھنگ کے جنرل سیکرٹری ضیاء الرحمن گریوال نے کی۔ مظاہرے میں ضلعی عہدیداروں محمد منشاء گجر جھنگوی، حکیم سیف الرحمن ، حافظ محمد یوسف سیال ، عثمان غنی، عبداللہ منظر مشتاق ، ملک شفقت اللہ، عبد الحنان سمیت دیگر کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الرحمن گریوال ، منشاء گجر جھنگوی کا کہنا تھا کہ حکومت کی نئی بجٹ پالیسی اور بجلی کے فی یونٹ قیمتوں کا ٹیرف معاشی دہشتگردی اور مزدور کی جیب پر ریاستی ڈکیتی کے مترادف ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ملک میں مہنگائی اور مالی بحران کے خاتمے کا نعرہ لگا کر مسند پر براجمان ہوئی مگر ان کی پالیسیاں ملک کو مزید مالی بحران کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی نئی پالیسیوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے عوام الناس خصوصی طور پر مزدور طبقے کو ریلیف فراہم کرے۔ احتجاجی مظاہرے کا آغاز بعد از نماز جمعہ مرکزی سید الشہداء امیر حمزہ سے کیا گیا جبکہ اختتام ایوب چوک میں مقررین کے خطابات پر کیا گیا۔