تحصیل شورکوٹ تھانہ شورکوٹ سٹی کی ایک اور بیٹی کی گمشدگی کا معاملہ شمیم بی بی کی بیٹی سعدیہ کی گمشدگی کو آٹھ دن گزر چکے ہیں، مگر شورکوٹ سٹی پولیس تاحال کوئی پیش رفت نہیں کر سکی۔
واقعہ 12 اور 13 اپریل کی درمیانی شب پیش آیا، جب بااثر اور خطرناک ملزمان نے اسلحے کے زور پر گھر میں گھس کر نہ صرف تشدد کیا بلکہ سعدیہ کو زبردستی اغوا کر کے لے گئے۔ ایف آئی آر نمبر 430/25 درج ہونے کے باوجود پولیس کی سستی اور مبینہ سازباز نے غریب ماں کو انصاف سے مایوس کر دیا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ تفتیش جاری ہے، مگر زمینی حقائق کچھ اور ہی کہانی سنا رہے ہیں۔ نہ کوئی گرفتاری، نہ کوئی چھاپہ، نہ کوئی بازیابی۔ غریب ماں کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ روز تھانے کے چکر کاٹے یا تفتیشی افسر کا پٹرول خرچ برداشت کرے۔
شاید اسی لیے سعدیہ کا اغوا پولیس کے لیے کوئی خاص معاملہ نہیں، کیونکہ وہ کسی بااثر خاندان کی بیٹی نہیں، نہ کسی افسر کی پرورش یافتہ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی واقعہ کسی افسر یا سیاستدان کے گھر کا ہوتا تو اب تک نہ صرف بچی بازیاب ہو چکی ہوتی بلکہ ملزمان سلاخوں کے پیچھے ہوتے۔
لیکن یہاں انصاف صرف امیروں کا حق بنتا جا رہا ہے۔لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب، آر پی او فیصل آباد اور ڈی پی او جھنگ سے مطالبہ ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، سعدیہ کو بازیاب کروایا جائے، اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں تاکہ کوئی اور ماں کل کو اپنی بیٹی کے لیے اسی طرح دہائی نہ دے۔