جھنگ (رانا فیصل اقبال) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے پولیس لائنز جھنگ کی سکیورٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پولیس لائنز میں جدید سی سی ٹی وی مانیٹرنگ روم قائم کر دیا ہے۔ اس مقصد کے تحت پولیس لائنز کے اطراف میں اعلیٰ معیار کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں، جو 24 گھنٹے سکیورٹی کی نگرانی کریں گے۔ڈی پی او کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے ایڈیشنل ایس پی ملک ظفر عباس کے ہمراہ سکیورٹی مانیٹرنگ روم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے لائن آفیسرز اور دیگر عملے کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس لائنز ہمارا ہیڈ کوارٹر ہے، اس کی حفاظت کیلئے پولیس افسران کو پرو ایکٹو رہنا ہوگا۔سکیورٹی کے کسی بھی پہلو کو نظرانداز نہ کیا جائے اور ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ سرکاری املاک اور حساس مقامات کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور سکیورٹی سسٹم کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرکے مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی بروقت روک تھام ممکن ہو سکے۔پولیس لائنز کی سکیورٹی کے اس جدید نظام سے نہ صرف اہلکاروں کا اعتماد بڑھے گا بلکہ مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔