جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ ) دربار عالیہ حضرت پیر سید امان اللہ سلطان المعروف ہاتھیوان سلطان رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ دو روزہ عرس مبارک کی روح پرور اور پر شکوہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔
عرس کا آغاز پہلے روز غسلِ پاک اور چادر پوشی کی باوقار رسومات سے ہوا۔ دربار شریف کو غسلِ پاک دیا گیا جبکہ چادر پوشی کا سلسلہ پورے دن عقیدت و احترام کے ساتھ جاری رہا۔
شام ڈھلتے ہی روحانی فضاؤں میں محفلِ سماع برپا ہوئی جس میں معروف قوالوں نے حاضری دے کر حاضرین کے دلوں کو سوز و گداز سے روشناس کیا۔
دوسرے اور اختتامی روز محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، اس کے بعد نعت خواں حضرات نے آقائے دو عالم ﷺ کی شانِ اقدس میں عقیدت کے نذرانے پیش کیے۔
دو دن جاری رہنے والی ان مبارک تقریبات میں سیاسی و سماجی شخصیات، عقیدت مندوں، زائرین اور اندرون و بیرون شہر سے آئے ہزاروں مریدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ممتاز مذہبی سکالر سید نجم الحسن شاہ نے حضرت سیدہ فاطمتہ الزہرا رضی اللہ کے فضائل و مناقب پر نہایت ایمان افروز خطاب کیا۔ جبکہ پیر سید نور سلطان، سجادہ نشین دربار عالیہ حضرت سلطان ہاتھیوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان اللہ رب العزت کی فرمانبرداری اختیار کریں اور اہل بیت اطہار کی محبت و عقیدت کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ دین کے احکامات، خصوصاً نماز، روزہ اور ارکانِ اسلام کی پابندی ہی حقیقی کامیابی کا راستہ ہے۔ فلاح اسی میں ہے کہ کسی کا حق نہ کھایا جائے، والدین کی خدمت کو سعادت سمجھا جائے اور بہن بھائیوں و رشتہ داروں سے حسنِ سلوک سے پیش آیا جائے۔
اختتام پر تمام امتِ مسلمہ کی خیر و بھلائی اور مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا کرائی گئی، جس کے ساتھ ہی عرس کی روحانی محفلیں اپنے اختتام کو پہنچی۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +