جھنگ میں گرین بس سروس کا آغاز، شہریوں کو آرام دہ ماحول دوست اور کم خرچ سفری سہولیات دستیاب ہوں گی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب کے ہر شہر میں جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے جھنگ میں بھی الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جو شہریوں کو آرام دہ، ماحول دوست اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرے گی اور شہر کے ٹرانسپورٹ نظام میں ایک مثبت تبدیلی ثابت ہوگی۔

جھنگ میں الیکٹرک گرین بس سروس کا باوقار افتتاح وزیرِ ٹرانسپورٹ اور وزیرِ تعلیم نے کیا، جو یقیناً شہر کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ جدید، ماحول دوست اور آرام دہ بسوں کا آغاز جھنگ کو ترقی کی نئی راہیں دکھا رہا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف شہریوں کے لیے سہولت ہے بلکہ شہر کی شناخت اور جدیدیت کی طرف بڑا قدم بھی ہے۔

لیکن اس روشن شروعات کے ساتھ ایک اہم مطالبہ اہلِ جھنگ پوری شدت سے کرتے ہیں
کہ دارالسکینہ روڈ، ٹوبہ روڈ اور خصوصاً پرانا چنیوٹ روڈ جیسے مصروف اور آبادی سے بھرپور علاقوں کو بھی فوری طور پر گرین بس روٹس میں شامل کیا جائے۔

یہ وہ علاقے ہیں جہاں روزانہ ہزاروں لوگ سفر کی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ یہاں کے مکین مہنگی فیسیں، رکشوں کی من مانیاں، ٹریفک مسائل اور طویل سفر کی اذیت برداشت کرتے ہیں۔ گرین بس سروس کا اصل فائدہ تب ہی پورا ہوگا جب یہ سہولت اُن علاقوں تک بھی پہنچے گی جہاں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

ہم پُرامید ہیں کہ جیسے پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوا ہے، ویسے ہی اگلے مرحلے میں ان محروم روٹس کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ ترقی اور سہولت کا یہ نظام صرف چند علاقوں تک محدود نہ رہے بلکہ پورے جھنگ کو اپنی بانہوں میں سمیٹ لے۔
تحریر: ڈاکٹر ظہور احمد زاہد کھرل

شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +وٹس آپ