جھنگ(شیخ عرفان حیدر سے) میں منشیات کا جھوٹا مقدمہ درج کرنے کے سنگین الزام پر عدالت نے بڑا فیصلہ سنا دیا۔ علاقہ مجسٹریٹ سیف اللہ کی عدالت نے سابق انچارج چوکی مگھیانہ اور ایس ایچ او تھانہ وریام والا انسپکٹر ذیشان حیدر پاتوآنہ سمیت چار پولیس اہلکاروں کو قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق انسپکٹر ذیشان حیدر کو تین سال قید اور 45 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ ایس آئی فیصل کو بھی تین سال قید اور 45 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ اسی مقدمے میں ملوث کانسٹیبل ناصر عباس اور کانسٹیبل مرید عباس کو ایک، ایک سال قید اور 15، 15 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی گئی ہے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق مستغیث محمد اشرف نے موقف اختیار کیا تھا کہ مذکورہ پولیس اہلکاروں نے سال 2021 میں اس کے خلاف منشیات کا جھوٹا مقدمہ درج کیا، جس سے اس کی ساکھ اور زندگی کو شدید نقصان پہنچا۔ طویل سماعت اور شواہد کی بنیاد پر عدالت نے ملزمان کو قصوروار ٹھہرایا۔مقدمے کی پیروی مستغیث کی جانب سے معروف قانون دان شیخ حامد عبداللہ ایڈووکیٹ نے کی۔
عدالتی فیصلے کے بعد قانونی حلقوں میں اس فیصلے کو انصاف کی فتح اور پولیس کے اندر احتساب کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے، جس سے عام شہریوں کے عدالتی نظام پر اعتماد میں اضافہ متوقع ہے۔
ادھر ایس ایچ او تھانہ وریام والا انسپکٹر زیشان حیدر سیال نے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہ ہے کہ مزکورہ فیصلہ کے آرڈر سسپنڈ ہو گئے ہیں –
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +