جھنگ میں پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے درمیان اجرت کے معاملات طے پا گئے
جھنگ (نمائندہ خصوصی) جھنگ میں پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے درمیان اجرت کے معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے، جس پر بھٹہ مزدوروں نے اظہارِ تشکر کیا ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر جھنگ چوہدری محمد شہباز کی موجودگی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی صدر بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن چوہدری سرور کمال گجر، چیئرمین لیبر قومی موومنٹ بابا لطیف انصاری، ضلعی صدر اتحاد بھٹہ یونین جھنگ شوکت علی، حاجی محمد عارف، مہر سرور نول، چوہدری اکبر جٹ، نور خان بلوچ، علی سفیان اور حاجی محمد ریاض سمیت لیبر ڈیپارٹمنٹ کے افسران، بھٹہ مالکان اور مزدوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد متفقہ طور پر فی ہزار اینٹ گٹکا کی اجرت 1450 روپے سے بڑھا کر 1550 روپے جبکہ ٹائل کی اجرت 1490 روپے سے بڑھا کر 1590 روپے مقرر کر دی گئی۔ اس موقع پر دونوں فریقین نے اتفاق رائے سے معاملات طے ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس کے اختتام پر بھٹہ مزدوروں نے اجرت میں اضافے پر شکریہ ادا کیا جبکہ بھٹہ مالکان و مزدوروں کی روزی میں برکت اور ملک پاکستان کی ترقی، امن و سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +