جھنگ(شیخ غلام مصطفیٰ ) ضلع جھنگ کی عظیم اور قدیم درسگاہ گورنمنٹ ہائی سکول جھنگ سٹی میں ادارے کی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے رخصت ہونے والے سابق پرنسپل، اساتذہ اور نان ٹیچنگ سٹاف کے اعزاز میں الوداعی جبکہ نئے رفقائے کار کے استقبال کے لیے ایک پُروقار تقریب کا اہتمام، رپورٹ مدثر بھٹی

گورنمنٹ ہائی سکول جھنگ سٹی میں الوداعی و استقبالیہ تقریب، رخصت ہونے والے اساتذہ کے اعزاز میں پُرتکلف ظہرانہ

جھنگ(بیورورپورٹ) ضلع جھنگ کی عظیم اور قدیم درسگاہ گورنمنٹ ہائی سکول جھنگ سٹی میں ادارے کی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے رخصت ہونے والے سابق پرنسپل، اساتذہ اور نان ٹیچنگ سٹاف کے اعزاز میں الوداعی جبکہ نئے رفقائے کار کے استقبال کے لیے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ت

قریب کی میزبانی ادارے کے پرنسپل سید لیاقت حسین شاہ کی زیرِ سرپرستی جملہ معزز اساتذہ کرام نے کی۔تقریب میں ادارے سے رخصت ہونے والے سابق پرنسپل راؤ عتیق احمد، گریٹ ٹیچر ظہور احمد اور نان ٹیچنگ سٹاف کے محمد سلیم کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ادارے کے لیے ان کی گراں قدر خدمات، تعلیمی کردار، پیشہ ورانہ وابستگی اور طویل عرصے تک انجام دی جانے والی ذمہ داریوں کو سراہتے ہوئے محبت اور عقیدت کے اظہار کے طور پر خصوصی تحائف بھی پیش کیے گئے۔

تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض نعیم احمد صدیقی نے نہایت احسن انداز میں سرانجام دیے۔ انہوں نے تقریب کی نظامت کرتے ہوئے رخصت ہونے والے اساتذہ اور ملازمین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اپنے تعریفی کلمات میں کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی کامیابی میں اساتذہ اور ملازمین کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے رخصت ہونے والے ساتھیوں کی ادارے کے لیے خدمات کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، خلوص اور تعلیمی خدمات کو ہمیشہ قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جائے گا، جبکہ نئے آنے والے رفقائے کار ادارے کی روایات کو مزید آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔تقریب میں ادارے میں نئے شامل ہونے والے رفقائے کار اشرف صدیقی، ممتاز خان، رائے جعفر، انور حسین، غلام عباس، اشفاق انجم، محمد بلال اور مختار صاحب کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

نئے ساتھیوں کی آمد کی خوشی میں ان کے اعزاز میں پُرتکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں اساتذہ کرام نے باہمی محبت، اخوت، رواداری اور خوشگوار تعلقات کا اظہار کیا۔اس موقع پر ادارے کے پرنسپل سید لیاقت حسین شاہ کی بہترین کارکردگی کو بھی سراہا گیا اور انہیں بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ پیش کیا گیا۔

یہ ایوارڈ سابق پرنسپل راؤ عتیق احمد کے ہاتھوں سید لیاقت حسین شاہ کو دیا گیا، جس پر شرکائے تقریب نے انہیں مبارکباد پیش کی اور ان کی انتظامی و تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے دوران رخصت ہونے والے اساتذہ اور ملازمین کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تعلیمی ادارے صرف عمارتوں سے نہیں بلکہ ان سے وابستہ اساتذہ، ملازمین، ان کی محنت اور خدمات سے اپنی شناخت قائم کرتے ہیں۔

رخصتی بلاشبہ ایک جذباتی لمحہ ہوتی ہے، تاہم ایسے مواقع ادارے سے وابستہ افراد کے درمیان محبت، احترام اور تعلق کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔تقریب نہایت شاندار، پُروقار اور تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر اساتذہ کرام نے رخصت ہونے والے ساتھیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے کامیابی اور خوشحالی کی دعا کی، جبکہ نئے آنے والے رفقائے کار کو خوش آمدید کہتے ہوئے مستقبل میں باہمی تعاون، اتحاد اور ادارے کی شاندار تعلیمی روایات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +