اسمبلیوں میں کسانوں کے حقوق کی آواز بلند کرنے کیلئے پاکستان کسان اتحاد نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے اپنے امیدوار میدان میں اتار دیئے ۔
پاکستان کسان اتحاد نے پی پی 126 جھنگ پر مہر ذوالفقار ناصر نول کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
جھنگ ( بیورو رپورٹ) ملک بھر میں کسانوں کے بڑھتے مسائل کی وجہ سے پاکستان کسان اتحاد نے اپنے کسان امیدواروں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا جس کے سلسلے میں جھنگ میں کسان کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی چیئرمین چوہدری حسیب انور ، ضلعی صدر مہر واجد علی نول ، تحصیل صدر رانا مشتاق احمد ، تحصیل چیئرمین حاجی سکندر حیات سیال ، ضلعی جنرل سیکرٹری مہر ناصر علی سنپال ، مہر فضل حسین نول ، ایڈوکیٹ صفدر سلیم نول ، مہر عارف نول اور جاوید اقبال نول سمیت کسانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کنوینشن میں جہاں کسانوں کو درپیش مسائل بارے تبادلہ خیال کیا گیا وہیں صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 126 جھنگ کے امیدوار مہر ذوالفقار خان ناصر نول کی بھرپور حمایت کا اعلان بھی کیا گیا ۔ اس موقع پر مرکزی چیئرمین چوہدری حسیب انور کا کہنا تھا کہ کسان کے نام پر ووٹ تو لیے جاتے ہیں مگر ان کی آواز کوئی نہیں بنتا۔ ملک کی 70 فی صد آبادی زراعت کے پیشہ سے منسلک اور کسان کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ کسانوں کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے نمائندے جب اسمبلی میں پہنچتے ہیں تو کسانوں کے مسائل پر آواز اٹھانا بھول جاتے ہیں اور کسان اپنے حقوقِ سے محروم رہتے ہیں۔ ضلعی صدر مہر واجد علی نول کا کہنا تھا کہ کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی ایوانوں میں کسان رہنماؤں کا ہونا ضروری ہے۔ امید کرتے ہیں اسمبلیوں میں جانے والے امیدوار کسانوں کی آواز بنیں گے۔ کسان اتحاد کے پلیٹ فارم سے کسانوں کے انتخابی نشان ” ہل ” پر الیکشن لڑنے والے امیدوار پی پی 126 مہر ذوالفقار خان ناصر نول نے مکمل حمایت کرنے پر جہاں کسان اتحاد کی مرکزی و ضلعی قیادت کا شکریہ ادا کیا وہیں وعدہ کیا کہ منتخب ہو کر اسمبلی میں کسانوں کو درپیش مسائل کے اولین حل کیلئے آواز بلند کریں گے ۔کسان کونشن میں کسانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جو اپنے کسان رہنما مہر ذوالفقار خان ناصر نول کی جیت کیلئے پرعزم نظر آئے اور انکے اسمبلی میں پہنچنے پر کسانوں کے مسائل کے حل ہونے کیلئے پر امید نظر آئے ۔