غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف جھنگ کی طالبات کی جانب سے احتجاجی واک
پاکستانی عوام کے دل اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ طلباء ایپل گروپ آف سکولز –
جھنگ (بیورو رپورٹ ) فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے ایک سال مکمل ہونے پر فلسطینی بچوں سے اظہار یک جہتی کیلئے ایپل گروپ آف سکولز معصوم کیمپس جھنگ کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم ڈی ملک فیاض حسین ، پرنسپل چوہدری غلام نبی ، میڈم بشریٰ طاہر ، میڈم ریحانہ اور میڈم شمائم ریاض سمیت سٹاف سکول ہذا اور طلباء نے شرکت کی ۔
اس موقع پر طالبات نے تقاریر پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری قوم اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا دن منا رہی ہے۔ سات اکتوبر کو فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و بربریت کی نئی لہر کو شروع ہوئے پورا ایک برس بیت چکا۔ معصوم فلسطینی بچوں کا قتل عام کھلی دہشتگردی ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔
ایم ڈی ملک فیاض حسین اور پرنسپل چوہدری غلام نبی کا کہنا تھا کہ عالمی قوتوں، بین الاقوامی اداروں، سلامتی کونسل کی قرادادوں اور بین الاقوامی عدالت کا تمسخر اڑاتے ہوئے اسرائیل اب تک بچوں، بوڑھوں اور عورتوں سمیت 41 ہزار نہتے فلسطینیوں کا قتل عام، لاکھوں کو زخمی اور بے گھر کر چکا ہے۔بچے کھچے بھوک و پیاس سے نڈھال لاکھوں فلسطینی آج بھی آسمان سے برستی بلا اشتعال بمباری کا شکار ہو رہے ہیں۔
غزہ اس وقت بدترین بمباری کے بعد کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے اور اس پر عالمی قوتوں کی خاموشی اتنی ہی قابل مذمت اور تشویشناک ہے جتنے اسرائیل کے مظالم۔ اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی اب نہ صرف غزہ اور فلسطین بلکہ خطے کے دوسرے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ایسی ریاستی دھشت گردی کو روکنے کی بجائے عالمی قوتوں نے اس کا ساتھ دیا تو پوری دنیا کو اس کے نا قابلِ تلافی نقصانات اٹھانا پڑے ۔
پاکستانی عوام کے دل اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان اسرائیلی ظلم و جبر کے شکار نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی مدد جاری رکھے گا۔ تقریب کے اختتام پر طلباء نے فلسطینی طلباء سے اظہار یک جہتی کیلئے واک بھی کی ، بچوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ ان لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +