جھنگ(رانا فیصل اقبال)جنسی جرائم کی موثر تفتیش کے لیے پولیس افسران کی تربیتی ورکشاپس جاری ، تفصیلات کے مطابق جنسی جرائم کی مؤثر تفتیش کے لیے پولیس افسران کی تربیت کو یقینی بنانے کے لیے سلسلہ وار ورکشاپس کا انعقاد جاری ہے۔ ان تربیتی پروگرامز میں پولیس افسران کو جنسی جرائم کی تفتیش کے جدید اصولوں اور طریقہ کار سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔اسسٹنٹ ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر راشد خان نے ان ورکشاپس کے دوران پولیس افسران کو ضروری آگاہی فراہم کی اور تفتیشی معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ ورکشاپ میں ڈی ایس پی انویسٹی گیشن ٹو اوصاف صفدر واہلہ اور انسپکٹر لیگل طاہر فاروق بھی موجود تھے، جنہوں نے افسران کو قانونی اور تفتیشی معاملات پر رہنمائی فراہم کی۔ڈی پی او جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے کہا کہ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ضلع بھر کے تفتیشی افسران کو جنسی جرائم کی تفتیش کے لیے جدید معلومات اور ضروری آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنسی جرائم کی تفتیش میں خصوصی توجہ اور پیشہ ورانہ مہارت کی ضرورت ہے تاکہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔پولیس اور پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے مشترکہ تعاون سے جاری ان تربیتی ورکشاپس کا مقصد تفتیشی عمل کو شفاف، مؤثر اور معیار کے مطابق بنانا ہے۔ یہ اقدامات عوام کے اعتماد کو بحال کرنے اور جنسی جرائم کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔