جھنگ۔۔ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر “عدم مساوات کے خلاف محاذ” کے زیر اہتمام ملک گیر مظاہروں کے سلسلے میں چنیوٹ موڑ جھنگ میں بھی پاکستان کسان رابطہ کمیٹی ، لیبر قومی موومنٹ اور بھٹھہ مزدور اتحاد کے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا جسکی قیادت پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں نور خان بلوچ ، چوہدری اکبر جٹ نے کی جبکہ علی سفیان انصاری ، صدر بھٹھہ اتحاد شوکت علی ، ریاض شاہد ، عمران نول ، اعجاز وڑائچ ، مظہر عباس اور نوشی ملاح سمیت دیگر سینکڑوں مزدوروں نے شرکت کی ۔ شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں جھنڈے ، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ جھنگ میں 25 ہزار سے زائد مزدور مختلف فیکٹریوں ، بھٹہ خشت اور پاور لومز انڈسٹری سے وابستہ ہیں لیکن بدقسمتی سے ان کی اکثریت سوشل سکیورٹی کارڈ سے محروم ہے ، لیبر ڈیپارٹمنٹ ابھی تک ماہانہ اجرت 37000 روپے پر عمل درآمد نہیں کروا سکا ۔ ورلڈ سوشل فورم کی جانب سے “ارب پتی منافع خوروں کو لگام دو” ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ارب پتیوں منافع خوروں کو لگام دیا جائے، محنت کشوں کا استحصال اور معاشی قتل بند کرو، سرمایہ داروں کو دی جانے والی ریاستی امداد بند کی جائے۔ سوشل سکیورٹی کارڈ ہر مزدور کا بنیادی حق ہے اسے فوری جاری کیا جائے۔ امیر ممالک کلائمیٹ فنانس بارے اپنے وعدوں کو پورا کریں۔ امیر ممالک عالمی گلوبل وارمنگ کے ذمہ دار ہیں۔ غریب ممالک کو قرضہ جات کی بجائے ماحولیاتی انصاف کی فراہمی کے لئے فوری امداد کریں۔ پاکستان قرضہ جات دینے سے انکار کرے اور رقم کو عوامی فلاحی منصوبوں اور غربت خاتمہ کے لئے استعمال کیا جائے۔