جھنگ ڈویژن بنائو تحریک کے شریک چیئرمین مولانا حافظ عمیر الغزالی نے کہا ہے کہ لیہ ڈویژن بنانے کیلئے جھنگ کو ایک بار پھر تقسیم کرنے کی باتیں تشویشناک ہیں ، عوام اب اپنے ضلع کی مزید تقسیم برداشت نہیں کریں گے ۔جھنگ کو ڈویژن بنانے کیلئے تحریک کا دائرہ لاہور تک بڑھائیں گے، اٹھارہ ہزاری مقامی ہوٹل میں تحریک کے سینئر وائس چیئرمین مولانا عبد الواحد صدیقی ، مرکزی صدر مولانا عرفان علی نجمی تحصیل صدر چوہدری محمد علی ،سرپرست ملک ارشاد حسین ،چوہدری خالد شہزاد،چوہدری محمد طیب اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایک ایم پی اے کے حوالے سے لیہ کو ڈویژن بنانے کی خبر وہاں کے لوکل اخبار میں لگی ، احمدپور سیال اور شورکوٹ کو جھنگ سے کاٹ کر لیہ میں شامل کرنے کی باتیں ہورہی ہیں ، جس پر جھنگ کے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے دو ایم پی ایز نے اسمبلی میں احتجاج بھی ریکارڈ کروایا مگر اب تک حکومت پنجاب نے اس کی کوئی تردید کی ہے اور نہ ہی کوئی پالیسی بیان دیا ہے جس پر یہاں کے عوام میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی نئے ڈویژن پر کوئی اعتراض نہ ہے ، مگر جھنگ تاریخی ضلع ہے جس سے نکلنے والی تحصیلیں اضلاع اور ڈویژن بن گئے مگر جھنگ کو جان بوجھ نظر انداز کیا گیا ۔ اب بھی آبادی اور جغرافیہ کے لحاظ سے جھنگ کو سب سے پہلے ڈویژن بنانا اس کا حق ہے ، جس کیلئے تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا ۔حکومت پنجاب جھنگ کو ڈویژن بنا کر اسکی پسماندگی اور محرومیوں کا ازالہ کرے ۔اور اٹھارہ ہزاری سمیت تمام تحصیلوں کے مسائل حل کرے، انہوں نے کہا کہ جھنگ کے شکست خوردہ ٹکٹ ہولڈر اقتدار میں ہیں اور وہ کرہشن کیلئے ضلع کے تمام اختیارات استعمال کررہے ہیں ۔مگر جھنگ کو ڈویژن بنانے کیلئے وہ مصلحت پسندی کا شکار ہیں اور اپنی حکومت سے بات کرنے کو تیار نہ ہیں ۔ عوام ان کا محاسبہ کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک کا دائرہ بڑھانے کیلئے 24 فروری کو جھنگ میں اہم اعلان کریں گے ۔اسکے علاوہ ملک ارشاد حسین کو سرپرست ،حاجی جاوید خان کو سرپرست اعلی اور چوہدری محمد علی کو صدر مہر الطاف علیخنانہ کو جنرل سیکرٹری نامزد کر دیا گیا