جھنگ (شیخ غلام مصطفیٰ) مغوی بیٹی کے ملزم کی عدم گرفتاری پر دلبرداشتہ ہو کر باپ کا انوکھا احتجاج

جھنگ: مقدمہ درج مگر گرفتاری نہ ہونے پر شہری کا انوکھا احتجاج

جھنگ میں ایک شہری نے انصاف نہ ملنے پر انوکھے انداز میں احتجاج کرتے ہوئے درخت پر چڑھ کر حکام سے داد رسی کی اپیل کی۔

اطلاعات کے مطابق غلام فرید نامی شہری نے اپنی بیٹی کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا، تاہم ملزم کی گرفتاری نہ ہونے پر وہ دل برداشتہ ہوگیا۔

متاثرہ شخص کا مؤقف ہے کہ اس کی بیٹی کو سرفراز نامی شخص نے ورغلا کر اغوا کیا، جس پر تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں دفعہ 365 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ تاہم مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس نے کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی، جس کے خلاف غلام فرید نے ڈی پی او دفتر کے باہر درخت پر چڑھ کر احتجاج کیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچے اور ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد شہری کو نیچے اتارنے میں کامیاب ہوئے۔ غلام فرید کا کہنا تھا کہ جب تک اس کی بیٹی کو بازیاب نہیں کرایا جاتا اور ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاتا، وہ انصاف کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ ان لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +

Leave a Comment