جھنگ : تھانہ سٹی پولیس کی پتنگ بازی کے خلاف بڑی اور فیصلہ کن کارروائی
جھنگ میں پتنگ بازی جیسے خونی اور جان لیوا کھیل کے خلاف پولیس کی بھرپور مہم جاری ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ سٹی پولیس نے خفیہ اطلاع پر بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہر کے گنجان آباد علاقے میں قائم خفیہ پتنگ ساز فیکٹری پر چھاپہ مارا، جہاں سے ہزاروں کی تعداد میں تیار اور نیم تیار پتنگیں، ڈور اور دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ فیکٹری خفیہ طور پر چلائی جا رہی تھی اور شہر بھر میں پتنگ بازی کے فروغ کا باعث بن رہی تھی، جس سے قیمتی انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق تھے۔ کارروائی کے دوران ملزم نسیم حسین کو گرفتار کر کے اس کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث دیگر عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او جھنگ بلال افتخار کیانی نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ
پتنگ بازی ایک خونی کھیل ہے-
جس سے نہ صرف معصوم شہریوں بلکہ بچوں اور موٹر سائیکل سواروں کی جانیں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔ ضلع بھر میں اس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کریک ڈاؤن بلا تفریق جاری رہے گا۔
ڈی پی او نے والدین، دکانداروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور اس جان لیوا کھیل سے مکمل اجتناب برتیں۔ پولیس حکام کے مطابق پتنگ سازی، فروخت اور اڑانے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی-
اور کسی کو بھی قانون سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شہری حلقوں نے تھانہ سٹی پولیس کی اس جرات مندانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائیں تاکہ جھنگ کو اس خونی کھیل سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +