جھنگ(شیخ عرفان حیدر سے )
ڈسٹرکٹ پریس کلب جھنگ کے صحافیوں کے اعزاز میں ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی جانب سے محرم الحرام کے موقع پر ایک پروقار ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام میں صحافی برادری کے مثبت، ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار کو سراہنا تھا۔
ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام جیسے حساس ایام میں شہر کے امن و امان کو برقرار رکھنے میں صحافیوں نے نہایت اہم اور مؤثر کردار ادا کیا۔ صحافیوں کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ، افواہوں کی حوصلہ شکنی اور عوام تک مستند معلومات کی فراہمی نے شہر میں امن کی فضا قائم رکھنے میں پولیس انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا اور پولیس کا باہمی تعاون معاشرے میں امن، برداشت اور قانون کی بالادستی کو فروغ دینے کے لیے ناگزیر ہے۔ جھنگ کے صحافیوں نے محرم الحرام کے دوران جس پیشہ ورانہ ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔تقریب کے دوران ڈی پی او جھنگ نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جھنگ سے وابستہ صحافیوں میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے اور ان کی خدمات پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی پولیس اور میڈیا کے درمیان مثبت اور مؤثر رابطہ قائم رکھا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ پریس کلب جھنگ کے عہدیداران اور صحافیوں نے ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے صحافیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور اداروں کے درمیان اعتماد کی فضا مضبوط ہوتی ہے۔
آخر میں شہر کے امن و امان کے لیے پولیس اور صحافی برادری کے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا-
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +