شورکوٹ (شیخ غلام مصطفیٰ) حویلی کینال سے نکلنے والا سرکاری پختہ کھال کو توڑ کر مبینہ طور پر پانی چوری کا سلسلہ جاری ، محکمہ انہار تاحال کارروائی سے گریزاں ،موضع فرید محمود میں راجباہ فرید محمود سے نکلنے والے سرکاری کھال کو دو مقامات سے توڑ کر پانی چوری کرنے کا انکشاف، متاثرہ کسان نے محکمہ انہار کو تحریری درخواست دے دی

حویلی کینال: سرکاری پختہ کھال توڑ کر مبینہ پانی چوری، محکمہ انہار تاحال کارروائی سے گریزاں

موضع فرید محمود میں راجباہ فرید محمود سے نکلنے والے سرکاری کھال کو دو مقامات سے توڑ کر پانی چوری کرنے کا انکشاف، متاثرہ کسان نے محکمہ انہار کو تحریری درخواست دے دی۔

حویلی کینال کے راجباہ فرید محمود، موہگہ نمبر 7570-R سے نکلنے والے سرکاری پختہ کھال کو مبینہ طور پر دو مقامات سے توڑ کر نہری پانی چوری کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث دیگر مستحق کسان اپنے حصے کے پانی سے محروم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق موضع فرید محمود، چوہدری اعجاز حسین زرعی فارم کے رہائشی چوہدری اعجاز حسین نے مورخہ 10 نومبر 2026 کو ایس ڈی او محکمہ انہار شورکوٹ، ارشد جاوید شیخ کو تحریری درخواست دی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ خورشید کاٹھیہ ولد غلام فرید، سکنہ کھوہ علاؤل، موضع فرید محمود، عرصہ دراز سے سرکاری پختہ کھال کو دو مقامات سے غیر قانونی طور پر توڑ کر اپنی کماد کی فصل کو سیراب کر رہا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق اس غیر قانونی اقدام سے نہ صرف سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے بلکہ دیگر مستحق کاشتکاروں کو ان کے مقررہ حصے کے نہری پانی سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔

چوہدری اعجاز حسین کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز ایکس ای این ہیڈ تریموں، ایس ای اور متعلقہ ایس ڈی او کو بذریعہ واٹس ایپ بھی ارسال کیں۔ مزید برآں متعلقہ محکمہ کے پٹواری نے موقع پر سامی واران کی موجودگی میں معائنہ کیا اور سرکاری کھال توڑنے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پانی چوری کی تصدیق بھی کی۔

تاہم درخواست اور مبینہ تصدیق کے باوجود تاحال ذمہ دار شخص کے خلاف کوئی مؤثر قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی، جس پر متاثرہ کسان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

چوہدری اعجاز حسین نے ایس ڈی او محکمہ انہار شورکوٹ ارشد جاوید شیخ، ایکس ای این محمد حامد خالق اور ایس ای طاہر شیخ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مبینہ پانی چوری کا مقدمہ درج کروایا جائے، سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصان اور متاثرہ کسانوں کے پانی کے ضیاع کا ازالہ کیا جائے، سرکاری پختہ کھال کا برم مکمل کروانے کے ساتھ اس کی فوری مرمت بھی یقینی بنائی جائے تاکہ تمام کاشتکاروں کو ان کے قانونی حصے کے مطابق نہری پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

منجانب: چوہدری اعجاز حسین، موضع فرید محمود

درخواست کا متن

شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ آن لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500 +