جھنگ(شیخ غلام مصطفیٰ ) انجمن سرفروشان اسلام جھنگ کی جانب سے جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشی میں ٹریکٹر ریلی و جلوس کا انعقاد کیا گیا ۔
میلاد النبی جلوس چنیوٹ موڑ سے شروع ہو کر سٹیلائٹ ٹاون ، گوجرہ روڈ ، نواز چوک ، برجی چوک ، فوارہ چوک اور ریلبازار سے ہوتا ہوا ایوب چوک پر اختتام پذیر ہوا ۔ جلوس کی سرپرستی امیر پنجاب رانا جمشید نے کی جبکہ قیادت ضلعی صدر چوہدری حق نواز نے کی ۔ جلوس میں مہر واجد نول ضلعی صدر کسان اتحاد ، –
شیخ رفیق ، چوہدری اسلم ، چوہدری خرم ، حاجی انور نول ، مہر مجید نول ، حافظ اسحاق ، حاجی حیات ، آصف چک چشتیاں ، حاجی ریاض نول ، حاجی مشتاق نول سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
جلوس کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں جھنڈے اٹھا رکھے تھے جبکہ درود و سلام کی صدائیں بھی بلند کی جاتی رہیں۔ جلوس کا کئی جگہ پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور شرکاء جلوس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
جلوس کا اختتام ایوب چوک پر ہوا جہاں خطاب کرتے ہوئے امیر پنجاب رانا جمشید اور ضلعی امیر چوہدری حق نواز نے کہا کہ ماہ ربیع الاول نہ صرف امت مسلمہ بلکہ دنیائے عالم کے لیے خاص اہمیت کا حامل مہینہ ہے کیونکہ اس ماہ مقدس میں نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دنیا میں تشریف آوری ہوئی جو بلا تفریق و تقسیم تمام عالم انسانیت کیلئے رحمت بن کر آئے
۔ آپ نے ظلمت و تاریکی میں ڈوبی انسانیت کو گھٹا ٹوپ اندھیروں سے نجات دلائی اور انسانیت کو اس کی حقیقی معراج اور بلندی کے نکتہ کمال پر پہنچایا۔ جلوس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور عالم اسلام کی سربلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔
شیخ غلام مصطفیٰ سی ای او و چیف ایڈیٹر جھنگ ان لائن نیوز نیٹ ورک 923417886500